لاہور،ڈرگ فری پنجاب مہم میں 92 منشیات فروش گرفتار

جمعرات 13 مارچ 2025 15:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مارچ2025ء) پنجاب پولیس کی ڈرگ فری مہم کے تحت صوبے بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں جاری ہیں۔ ترجمان پولیس کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران لاہور سمیت مختلف اضلاع میں 1710 مقامات پر ریڈ کیے گئے، جن کے دوران 928 منشیات فروشوں کو گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمات درج کیے گئے۔

(جاری ہے)

پنجاب پولیس کے ترجمان کے مطابق ان کارروائیوں کے دوران منشیات فروشوں کے قبضے سے 548 کلو گرام چرس، 59 کلو گرام ہیروئن، 31 کلو گرام آئس، 14 کلو گرام افیون اور 8000 لیٹر سے زائد شراب برآمد کی گئی۔

انسپکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے منشیات ڈیلرز اور سمگلرز کے خلاف اسپیشل آپریشنز میں مزید تیزی لانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ منشیات کی سپلائی چین کا مکمل خاتمہ اور آن لائن خرید و فروخت میں ملوث عناصر کی گرفتاری یقینی بنائی جائے۔آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ تعلیمی اداروں اور ہاسٹلز کے گرد انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں مزید تیزی لائی جائے تاکہ نوجوان نسل کو منشیات کے زہر سے محفوظ رکھا جا سکے۔