کمشنر کراچی کے دفتر میں یوم حضرت علیؓ کے مرکزی جلوس کے انتظامات کا جائزہ اجلاس کا انعقاد

جمعرات 13 مارچ 2025 17:11

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مارچ2025ء) کمشنر کراچی کے دفتر میں یوم حضرت علیؓ کے مرکزی جلوس کے انتظامات کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں کمشنر کراچی سید حسن نقوی ،میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب،ایڈیشنل آئی جی پولیس کراچی جاوید عالم اوڈھو،میونسپل کمشنر بلدیہ عظمی افضل زیدی،ایڈیشنل کمشنر کراچی ون غلام مہدی شاہ، جعفریہ الائنس پاکستان کے جنرل سیکریٹری شبر رضا اور دیگر منتظمین مختلف اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور ڈی آئ جیئز،پاکستان رینجرز، کنٹونمنٹ بورڈ سمیت بلدیاتی اداروں کے سینئر افسران کے الیکٹرک کے نمائندہ نے شرکت کی۔

جاری اعلامیہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ یوم حضرت علیؓ کے مرکزی جلوس کوفول پروف سیکورٹی فراہم کی جائے گی،جلوس کے راستوں پر صفائی کے خصوصی انتظامات کئے جائیں گے جلوس کے راستوں مجالس کے مقامات اور امام بارگاہوں پر سٹریٹ لائٹس کی تنصیب کو یقینی بنایا جائے گا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز اور افسران نے انتظامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ سیکورٹی اور تمام ضروری سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنائے کے لئے منتظمین اور متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطہ وتعاون سے اقدامات کریں۔جعفریہ الائنس پاکستان کے جنرل سیکریٹری شبر رضا اور دیگر منتظمین نے جلوس کے راستوں پر انتظامات کو بہتر بنانے کے سلسلہ میں اپنی تجاویز پیش کیں۔

میئر کراچی مرتضی وہاب نے کہا یوم علی کے موقع پر امام بارگاہوں،مرکزی جلوس کے راستوں اور مجالس کے مقامات پر صفائی سٹریٹ لائٹس کی تنصیب پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔سیوریج کی شکایات کے اذالے کے لئے مربوط اقدامات کئے جائیں گے،متعلقہ آفسران کو ہدایت کر دی گئی ہے کہ وہ منتظمین سے رابطہ کے ساتھ اقدامات کریں ۔میئر کراچی نے منتظمین سے کہا کہ وہ اپنے مسائل کے حل کے لئے ان سے براہ راست رابطہ کر سکتے ہیں یا واٹر کارپوریشن کے ہیلپ لائن نمبر 1334 یا کمشنر کراچی کے دفتر میں قائم ہیلپ لائن نمبر 1299 پر رابطہ کر سکتے ہیں ان کے مسائل ان کے ساتھ رابطہ سے حل کیے جائیں گے۔

ایڈیشنل آئی جی پولیس کراچی جاوید عالم اوڈھو نے اجلاس کو سیکورٹی انتظامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ متعلقہ ادارے یوم علی کے جلوس کے راستوں امام بارگاہوں اور مجالس کے مقامات پر صفائی کے خصوصی انتظامات کریں گے۔