عمرعبداللہ بے اختیاروزیرعلیٰ، اصل اختیارات لیفٹیننٹ گورنر کے پاس

بھارتی فوج کشمیریوں کے قتل عام کیساتھ ساتھ علاقے کی معیشت بھی تباہ کر رہی ہے، حریت کانفرنس

جمعرات 13 مارچ 2025 21:43

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مارچ2025ء)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ بھارتی فورسز کشمیریوں کی آواز کو دبانے کیلئے ایک طرف انکا بے دریغ قتل عام کر رہی ہیں جبکہ دوسری طرف انہوں نے علاقے کے قدرتی وسائل اور معیشت کو تباہ وبرباد کرنے کا مذموم سلسلہ بھی شروع کر رکھا ہے۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان عبدالرشید منہاس نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارت نے پورے مقوضہ علاقے کو مکمل طورپر ایک فوجی چھاؤنی میں تبدیل کردیا ہے ، قابض بھارتی فورسز نے شہروں ، قصبوں اور دیہات کے علاوہ جنگلاتی علاقوں میں بھی کیمپ اور تربیت گاہیں قائم کر رکھی ہیں۔ انہوںنے کہا کہ بھارتی فوج کشمیریوں کو معاشی طور پر بدحال کرنے کیلئے انکے سیب کے باغات بھی تباہ کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ بھارتی فوجیوں کی یہ تمام منفی سرگرمیاں علاقے کے ماحولیات کو بری طرح متاثر کر رہی ہیں۔انہوںنے کہا کہ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ ناروا بھارتی اقدامات کا نوٹس لے اور مسئلہ کشمیرکے حل کیلئے اس پر دبائو ڈالے۔ مقبوضہ جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کے اس اعتراف کہ’’ ان کا پولیس پر کنٹرول نہیں ہے‘‘، نے انتخابات کے بعد علاقے میں قائم ہونے والی حکومت کے دائرہ کار اور اختیارات کے حوالے سے بحث کو جنم دیا ہے۔

تجزیہ کاروں کا کہناہے کہ عمر عبداللہ کا یہ اعتراف مقبوضہ علاقے میں نام نہاد جمہوری منظر نامے کی قلعی کھول رہا ہے، جہاں حقیقی معنوں میں اصل اختیارات مودی کی بھارتی حکومت کے مسلط کر دہ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کے پاس ہیں۔ دریںاثناء نیشنل کانفرنس کے رکن بھارتی پارلیمنٹ روح اللہ مہدی نے سماجی رابطوں کے پلیٹ فارم’’ ایکس‘‘ پر ایک پوسٹ میں کہا’’ کوئی بھی بھارتی پابندی یا حکمنامہ کشمیر کے لوگوں کو اپنے جمہوری حقوق کے لیے آواز اٹھانے سے روک نہیں سکتا۔

انہوں کہا کہ’’ عوامی مجلس عمل اور جموں و کشمیر اتحاد المسلمین ‘‘پر پابندی کا اقدام علاقے میں منصفانہ آوازوں کو خاموش کرنے کا ایک اور آمرانہ ہتھکنڈہ ہے۔ادھر بھارتی فوجیوں نے ضلع بانڈی پورہ کے علاقے حاجن میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران دو نوجوانوں کو گرفتار کر لیا۔