گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کی جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر ملاقات

ہفتہ 15 مارچ 2025 16:54

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی  کی  جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مارچ2025ء) گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اسلام آباد میں جمعیت علمائے اسلام (ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر ان سے ملاقات کی۔ہفتہ کو گورنرخیبرپختونخوا آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں ملکی سیاسی و امن و امان کی صورتحال سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران ملک کو درپیش چیلنجز اور ان کے ممکنہ حل پر بھی گفتگو کی گئی۔

(جاری ہے)

ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا کہ ملک میں پائیدار امن کے قیام کے لیے تمام سیاسی جماعتوں اور عوام کو مشترکہ طور پر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی اور مولانا فضل الرحمان نے ملک بالخصوص خیبر پختونخوا میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی اور امن و امان کی بدترین صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد عناصر ملک اور خیبر پختونخوا کو عدم استحکام کی طرف دھکیلنا چاہتے ہیں اور ایسے عناصر درحقیقت قوم کے دشمن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی یکجہتی اور ہم آہنگی کے ذریعے ہی دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا جا سکتا ہے۔