نوشکی حملے میں 3 فورسز جوان اور 2 شہری شہید، 4 دہشتگرد ہلاک

اتوار کی صبح دہشتگردی کا واقعہ پیش آیا، واقعے کے بعد سکیورٹی فورسز نے فوری ردعمل دیا، یہ حملہ بھی دہشت گردی کی تسلسل سے ہونی والی مذموم کارروائیوں کا حصہ ہے؛ ترجمان بلوچستان حکومت

Sajid Ali ساجد علی اتوار 16 مارچ 2025 20:14

نوشکی حملے میں 3 فورسز جوان اور 2 شہری شہید، 4 دہشتگرد ہلاک
کوئٹہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 مارچ 2025ء ) ترجمان حکومت بلوچستان شاہد رند نے بتایا ہے کہ نوشکی حملے میں 3 فورسز جوان اور 2 شہری شہید ہوئے جوابی کاروائی میں 4 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا گیا۔ اس حوالے سے اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ نوشکی میں اتوار کی صبح دہشت گردی کا واقعہ پیش آیا، واقعے کے بعد سکیورٹی فورسز نے فوری ردعمل دیا، یہ حملہ بھی دہشت گردی کی تسلسل سے ہونی والی مذموم کارروائیوں کا حصہ ہے، اسی کالعدم تنظیم کے دہشت گردوں نے نوشکی میں سکیورٹی فورسز پر حملہ کیا۔

ترجمان بلوچستان حکومت کا کہنا ہے کہ اس حملے میں سکیورٹی فورسز کانوائے کو بارودی مواد سے نشانہ بنایا گیا، سکیورٹی فورسز نے فوری اور بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے عزائم ناکام بنا دئیے، ابتدائی کارروائی میں حملہ آور سمیت چار دہشت گرد مارے گئے، حملے میں سکیورٹی فورسز کے تین جوان اور دو شہری شہید ہوئے، سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

شاہد رند نے کہا کہ دہشت گردوں کے فرار کے تمام راستے بند کر دیئے گئے ہیں، دہشت گردوں کا پیچھا کیا جاررہا ہے، مارے جانے والے دہشت گردوں کے علاوہ دیگر کے گرد گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے، علاقے میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن جاری ہے، آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا، یہ جنگ صرف سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کی نہیں بلکہ صوبے کے ہر فرد کی جنگ ہے، حکومت، سکیورٹی فورسز اور عوام مل کر اس جنگ میں لڑ رہے ہیں، دہشت گردوں کو شکست دیں گے۔