انجینئرنگ یونیورسٹی پشاور میں جیمز اینڈ جیولری سینٹر فار ایکسی لینس کے طلباکے لئے استقبالہ تقریب

پیر 17 مارچ 2025 17:00

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مارچ2025ء) انجینئرنگ یونیورسٹی پشاور میں وزیر اعظم پاکستان کی جانب سے ’’ہنر مند نوجوان،روشن پاکستان ‘‘کے تحت انجینئرنگ یونیورسٹی پشاورکے جیمز اینڈ جیولری سینٹر فار ایکسی لینس کے طلبا کےلئے استقبالہ تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی انجینئرنگ یونیورسٹی کے رجسٹرار ڈاکٹر خضر اعظم خان تھے جس میں طلبہ اور فیکلٹی ممبران نے شرکت کی۔

چھ ماہ قیمتی پتھروں کی پہچان (جیمالوجی) جبکہ تین ماہ جم سٹون کی کٹنگ و پالشنگ کے سرٹیفیکیشن کورسزنیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن کے تحت وزیراعظم یوتھ سکل ڈویلپمنٹ پروگرام کے مکمل مالی تعاون سے شروع کیا گیا ہے۔ اس پروگرام میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے 106 نوجوانوں نے داخلہ لیا ہے جس کا مقصد انہیں جیم سٹون اور جیولری کے شعبے میں عملی اور نظریاتی مہارت فراہم کرنا ہے تاکہ وہ کامیاب کیریئر بنا سکیں۔

(جاری ہے)

مہمان خصوصی ڈاکٹر خضر اعظم خان تقریب کے مہمانِ خصوصی پروفیسر ڈاکٹر خضر اعظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ وزیراعظم یوتھ سکل ڈویلپمنٹ پروگرام، نوجوانوں کے لیے ایک شاندار موقع ہے تاکہ وہ جیم سٹون انڈسٹری میں مہارت حاصل کر سکیں۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور پاکستان میں جیم سٹون کے بڑھتے ہوئے شعبے میں اپنا کردار ادا کریں۔

ڈاکٹر نثارمحمد، جیمز اینڈ جیولری سینٹر فار ایکسی لینس نے شرکاکا خیرمقدم کیا اور پاکستان میں جیم سٹون انڈسٹری میں ماہرین کی بڑھتی ہوئی طلب کو اجاگر کیا۔ انہوں نے طلبہ کو مکمل تعاون اور مدد کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ماہر جیمالوجسٹ کی مانگ میں اضافہ ہو رہا ہے اور یہ پروگرام آپ کو اس شعبے میں کامیابی کے لیے ضروری مہارت فراہم کرے گا۔

ڈاکٹر حبیب الرحمان، سینئر فیکلٹی ممبر نے طلبہ کو سنٹر کے جیمالوجی تعلیم میں کردار کے بارے میں بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ اب تک ایک ہزار سے زائد طلبہ کو اس مرکز میں تربیت دی جا چکی ہے اور بہت سے طلبہ نے پاکستان اور بیرون ملک کامیابی سے اپنے کاروبار شروع کیے ہیں۔انجینئر احتشام الحق، سابق ڈائریکٹر یمز اینڈ جیولری سینٹر فار ایکسی لینس نے کہا کہ یہ 6 ماہ کا کورس طلبہ کو جیمالوجی کے نظریاتی علم اور عملی تجربے دونوں سے روشناس کرائے گا۔ انہوں نے طلبہ کو نصیحت کی کہ کامیاب جیمالوجست بننے کےلئے محنت اور لگن شرط ہے۔