راولپنڈی،تخت پڑی ریفرنس، عدم حاضری پر ملک ریاض، علی ملک کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

پیر 17 مارچ 2025 21:50

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مارچ2025ء)راولپنڈی کی احتساب عدالت نے تخت پڑی ریفرنس میں عدم حاضری پر بحریہ ٹاؤن کے مالک ملک ریاض اور ان کے بیٹے علی احمد ملک کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے۔میڈیارپور ٹ کے مطابق ملک ریاض، سابق وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویز الہٰی سمیت 17ملزمان کے خلاف تخت پڑی ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت راولپنڈی کے جج محمد اکمل خان نے کی۔

ریفرنس میں نامزد 10ملزمان کے علاوہ 4 کے وکلا عدالت پیش ہوئے۔

(جاری ہے)

سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کے وکیل کی جانب سے عدالت میں میڈیکل سرٹیفکیٹ داخل کروا دیا۔عدالت نے میڈیکل سرٹیفکیٹ کی بنیاد پر چوہدری پرویز الہٰی کی ایک روزہ حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی۔عدالت نے تمام ملزمان کو 5لاکھ فی کس مالیت کے مچلکے داخل کرانے کا حکم دے دیا جبکہ عدم حاضری پر ملک ریاض اور علی احمد ملک کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے۔عدالت نے ملزمان کو آئندہ سماعت پر گرفتار کرکے عدالت پیش کرنے کا حکم دے دیا اور ریفرنس پر مزید سماعت 16 پریل تک کیلئے ملتوی کر دی۔