مقبوضہ کشمیر:ہائی کورٹ نے ایڈووکیٹ نذیر احمد رونگا کی غیر قانونی نظربندی کالعدم قراردیدی

پیر 17 مارچ 2025 22:00

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مارچ2025ء) غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں ہائی کورٹ نے سینئر وکیل ایڈووکیٹ نذیر احمد رونگا کی غیر قانونی نظربندی کو کالعدم قراردیتے ہوئے قابض انتظامیہ کو انکی فوری رہائی کا حکم دیاہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ایڈووکیٹ نذیر احمد رونگا نے جو کشمیرہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر ہیں، کو گزشتہ سال کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت حراست میں لیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

ہائی کورٹ کے جج جسٹس سنجے دھر پر مشتمل بنچ نے انکی غیر قانونی نظربندی کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کرتے ہوئے انکے خلاف قابض انتظامیہ کی طرف سے عائد کئے گئے الزامات کو بے بنیاد اور مبہم قراردیتے ہوئے انکی رہائی کاحکم جاری کیا۔انہیں گزشتہ سال 11جولائی کو سرینگر میں انکی رہائش گاہ سے گرفتارکر کے جموں کی کوٹ بھلوال جیل منتقل کردیا گیا تھا۔ واضح ر ہے کہ نذیر احمد رونگا کو اگست2019میں مودی حکومت کی طرف سے جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی کے بعد بھی کالے قانون پی ایس اے کے تحت گرفتار کیا گیا تھا۔