Live Updates

کل کے اجلاس میں عسکری قیادت دہشتگردی کیخلاف اسٹریٹجی پر سیاسی قیادت کو اعتماد میں لے گی

دہشتگردی کو ختم کرنے کیلئے نوازشریف کے ذمے جو بھی کردار ہوگا وہ ادا کریں گے، اجلاس میں سیاسی قیادت کی رہنمائی بھی ریاست کو میسر آئے گی۔ مشیر رانا ثناء اللہ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 17 مارچ 2025 23:38

کل کے اجلاس میں عسکری قیادت دہشتگردی کیخلاف اسٹریٹجی پر سیاسی قیادت ..
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 17مارچ 2025ء ) وفاقی مشیر سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ کل کے اجلاس میں عسکری قیادت دہشتگردی کیخلاف اسٹریٹجی پر سیاسی قیادت کو اعتماد میں لے گی، دہشتگردی کو ختم کرنے کیلئے نوازشریف کے ذمے جو بھی کردار ہوگا وہ ادا کریں گے،اجلاس میں سیاسی قیادت کی رہنمائی بھی ریاست کو میسر آئے گی۔

انہوں نے جیونیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کو ختم کرنے کیلئے میاں نوازشریف کے ذمے جو بھی کردار ہوگا وہ ادا کریں گے، نوازشریف کی جماعت کی وفاق اور صوبے میں حکومت ہے، کل کے ان کیمرہ پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں عسکری قیادت موجودہ سکیورٹی صورتحال میں اسٹریٹجی پر بریفنگ دی جائے گی، جس طرح دہشتگردی کے واقعات کا سامنا کیا جارہا ہے، کس طرح دہشتگردی کا خاتمہ کریں گے، اس حوالے سیاسی قیادت کو اعتماد میں لیں گے، سیاسی قائدین کی طرف سے بھی اظہارخیال ہوگا۔

(جاری ہے)

اس میٹنگ کا بنیادی مقصد یہ ہے۔سیاسی جماعتوں میں سیاسی تلخی ہوتی رہتی ہے،نوازشریف اور ہمارے دلوں میں مولانا کا بے حد احترام ہے، کل کے اجلاس میں اگرمیاں نوازشریف کے کردار سے متعلق کوئی چیز سامنے آتی ہے تو یقینا وہ حاضر ہوں گے۔ مولانا کی اپنی سوچ اور سیاسی نقطہ نظر ہے، وہ 2018کے الیکشن کے بعد بھی سسٹم سے باہر رہنا چاہتے تھے، ہم مولانا کے نقطہ نظر کی قدر کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی خام خیالی ہے کہ صفر جمع صفر صفر ہوتی ہے، ان کو ادراک ہونا چاہئے، جتنا دیر سے سمجھیں گے اپنا نقصان کریں گے۔پی ٹی آئی کا نعرہ عمران خان ہے تو پاکستان ہے یہ گمراہی پر مبنی سوچ ہے، کیونکہ اگر پاکستان ہے تو ہم سب ہیں، سب سے پہلے پاکستان کی خیرمانگنی چاہئے۔ پی ٹی آئی جب تک سیاستدانوں اور سیاسی قیادت کے ساتھ نہیں بیٹھے گی، تو پھر ٹکریں لگاتی رہے۔گنڈاپور کہتے کہ ریاست کی توانائیاں پی ٹی آئی کے خلاف خرچ ہورہی ہیں تو پھر پی ٹی آئی کا توانائیاں کہاں خرچ ہورہی ہیں؟ان کی تمام ترتوانائیاں ، پروپیگنڈا پاکستان کے خلاف ہے، جعفر ایکسپریس حملے کے بعد انڈین میڈیا کے ردعمل کو کون پھیلا رہا تھا؟
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات