پنجاب میں فری وائی فائی سروس کا دائرہ مزید وسیع

سروس کی جدید ٹیکنالوجی وائی فائی 6 پرمنتقلی سے مزید تیز انٹرنیٹ دستیاب ہوگا‘ترجمان

بدھ 19 مارچ 2025 17:44

پنجاب میں فری وائی فائی سروس کا دائرہ مزید وسیع
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مارچ2025ء) لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں سی ایم فری وائی فائی سروس کے دائرہ کار کو مزید بڑھا دیا گیا ۔لاہور میں مفت وائی فائی سروس کے مقامات کی تعداد 200سے بڑھا کر 230کر دی گئی ہے جبکہ اس سروس کو جدید ٹیکنالوجی وائی فائی 6پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ ترجمان سیف سٹیز کے مطابق وائی فائی 6 ٹیکنالوجی کی بدولت صارفین کو مزید تیز اور مستحکم انٹرنیٹ کی سہولت میسر ہوگی۔

سیف سٹیز اتھارٹی کی جانب سے پنجاب کے 11اضلاع میں 300مقامات پر مفت وائی فائی کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ یہ سروس لاہور، قصور، ننکانہ صاحب، شیخوپورہ، سیالکوٹ، گجرات، جہلم اور اٹک میں فعال ہے، جبکہ ساہیوال، اوکاڑہ اور مری کے اہم مقامات پر بھی شہری اس سہولت سے مستفید ہو رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ترجمان سیف سٹیز کا کہنا ہے کہ جلد پنجاب بھر میں فری وائی فائی سروس کا دائرہ وسیع کر دیا جائے گا۔

اب تک 17.70ملین سے زائد صارفین اس سروس سے استفادہ کر چکے ہیں اور 438ٹیرا بائٹ ڈیٹا استعمال کیا جا چکا ہے۔ شہری مفت وائی فائی سروس کے ذریعے اپنی روزمرہ سرگرمیوں میں آسانی محسوس کر رہے ہیں۔ ترجمان نے مزید وضاحت کی کہ فری وائی فائی سروس ایمرجنسی استعمال کے لیے ہے اور یہ ویڈیو اسٹریمنگ یا انٹرٹینمنٹ مقاصد کے لیے دستیاب نہیں ہوگی۔ وزیر اعلی پنجاب کے احکامات پر پنجاب کو ڈیجیٹل صوبہ بنانے کے اقدامات جاری ہیں۔