وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے یورپی یونین کی سفیر ڈاکٹر رینا کیونکا کی ملاقات، تجارتی تعاون پر تبادلہ خیال

بدھ 19 مارچ 2025 17:55

وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے یورپی یونین کی سفیر ڈاکٹر رینا کیونکا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مارچ2025ء) وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے پاکستان میں یورپی یونین کی سفیر ڈاکٹر رینا کیونکا نے ملاقات کی۔ وزارت کے جاری اعلامیہ کے مطابق بدھ کو ہونے والی ملاقات میں پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے اور مستقبل کے کاروباری مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران ڈاکٹر کیونکا نے وفاقی وزیر تجارت کو یورپی یونین-پاکستان بزنس فورم میں اختتامی خطاب کے لیے مدعو کیا۔ یہ فورم 14 اور 15 مئی 2025ء کو اسلام آباد میں منعقد ہوگا جس کا مقصد اعلیٰ سطحی مذاکرات، کاروباری شراکت داریوں کو فروغ دینا اور یورپی یونین اور پاکستان کے درمیان تجارت و سرمایہ کاری کے مواقع کو اجاگر کرنا ہے۔

(جاری ہے)

اس ایونٹ میں سرمایہ کاری کے منصوبے پیش کیے جائیں گے اور بزنس ٹو بزنس اور بزنس ٹو گروپ میچ میکنگ سیشنز منعقد ہوں گے۔

فورم میں زرعی کاروبار، آئی ٹی، مشینری، ٹیکسٹائل، دواسازی اور گرین انفراسٹرکچر جیسے کلیدی شعبوں پر توجہ دی جائے گی۔ملاقات کا ایک اور اہم نکتہ یورپی یونین-پاکستان بزنس نیٹ ورک کا آغاز تھا جو فورم کے دوران کیا جائے گا۔ یہ نیٹ ورک 300 سے زائد یورپی کمپنیوں پر مشتمل ہوگا جو پاکستان میں کام کر رہی ہیں تاکہ سرمایہ کاری اور تجارتی تعلقات کو فروغ دیا جا سکے۔

وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے ان اقدامات کا خیرمقدم کیا اور یورپی یونین کے اقتصادی تعاون میں کردار کو سراہا۔ انہوں نے اس بات کا اعتراف کیا کہ پاکستان اور یورپی یونین کے بڑھتے ہوئے تجارتی تعلقات مضبوط کاروباری روابط اور نئے سرمایہ کاری مواقع پیدا کریں گے۔ یورپی یونین پاکستان کا دوسرا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار اور سب سے بڑی برآمدی منڈی ہے جس کے ساتھ 2024ء میں دوطرفہ تجارت تقریباً 12 ارب یورو تک پہنچ چکی ہے۔یورپی یونین-پاکستان بزنس فورم نہ صرف دونوں خطوں کے درمیان معاشی تعلقات کو فروغ دے گا بلکہ دیرینہ اقتصادی اور سفارتی شراکت داری کو مزید مستحکم کرے گا۔