حکومت کی جانب سے 3 ماہ تک پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم نہ کیے جانے کا امکان

عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں 3 سال کی کم ترین سطح پر آنے کے باوجود وفاقی حکومت کی جانب سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں کم نہیں کی جائیں گی

muhammad ali محمد علی بدھ 19 مارچ 2025 20:02

حکومت کی جانب سے 3 ماہ تک پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم نہ کیے جانے کا ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 مارچ 2025ء ) حکومت کی جانب سے 3 ماہ تک پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم نہ کیے جانے کا امکان، عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں 3 سال کی کم ترین سطح پر آنے کے باوجود وفاقی حکومت کی جانب سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں کم نہیں کی جائیں گی۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے بجلی کی قیمتوں میں بڑی کمی کیے جانے کا امکان ہے، تاہم اس اقدام کیلئے حکومت کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنا ہوں گی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ آئی ایم ایف نے حکومت کے اعلیٰ حکام کوتین ماہ تک پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم نہ کرنے کے نتیجے میں 250 ارب روپے تک کے اثرات کے بدلے ریلیف حاصل کرنے کی منظوری دی ہے لیکن اس کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بین الاقوامی مارکیٹ میں کمی ہونا شرط ہے، اس بار حکومت کی طرف سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی نہ کرنے کا تخمینہ 168 ارب روپے لگایا گیا ہے جو بجلی کے ٹیرف میں 1 روپے 30 پیسے فی یونٹ کمی کیلئے استعمال ہوں گے۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹس کے مطابق اپریل سے عوام کو بجلی کی قیمتوں میں ریلیف ملنے کی توقع ہے اور اس سلسلے میں 23 مارچ کو وزیر اعظم شہباز شریف آئی ایم ایف کی منظوری کے بعد بجلی کے نرخ میں 8 روپے فی یونٹ کمی کا اعلان کر سکتے ہیں۔ ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ قیمتوں میں یہ کمی یکم اپریل 2025ء سے مؤثر ہوگی یعنی مئی میں عوام کو قیمت کم کیے جانے والے بل موصول ہوں گے، 8 روپے فی یونٹ میں سے 4 روپے 73 پیسے فی یونٹ کی کمی مستقل بنیادوں پر جاری رہے گی۔ واضح رہے کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں مسلسل کمی سے 3 سال کی کم ترین سطح پر آ چکیں، تاہم اس کے باوجود حکومت کی جانب سے 16 مارچ سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 1 پیسے کی بھی کمی نہیں کی گئی۔