نیشنل پولیس اکیڈمی کے زیر تربیت اے ایس پیز کی پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی میں تربیت مکمل

ویں کامن کے اے ایس پیز کو سیف سٹی میں جدید آرٹیفیشل انٹیلی جنس بیسڈ پولیسنگ بارے تربیت دی گئی زیر تربیت افسران کو ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن اور چائلڈ سنٹر کی ورکنگ بارے بتایا گیا

جمعہ 21 مارچ 2025 16:57

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2025ء)نیشنل پولیس اکیڈمی کے زیر تربیت ASPs نے پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی میں تربیت مکمل کرلی۔ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی میں 51 ویں کامن کے زیر تربیت اے ایس پیز کی تربیت کا عمل مکمل ہو گیا ۔ زیر تربیت افسران کو سیف سٹی میں جدید آرٹیفیشل انٹیلی جنس بیسڈ پولیسنگ، ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن اور چائلڈ سنٹر کی ورکنگ بارے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اس موقع پر افسران کو ایمرجنسی پینک بٹن اور لاہور میں 130 مختلف مقامات پر فراہم کی جانے والی فری وائی فائی سروس کے منصوبے کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔ زیر تربیت افسران نے 15 ایمرجنسی کالز اور ان پر پولیس کے فوری رسپانس کے عمل کا مشاہدہ کیا۔ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے تمام یونٹس میں جاری کام اور خدمات کی عملی تربیت دی گئی، جس میں سیف سٹی کمپلینٹ پورٹل سروس، میڈیا مانیٹرنگ، ای چالاننگ اور دیگر جدید پولیسنگ اقدامات شامل تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایم ڈی سیف سٹیز اتھارٹی کا کہنا تھا کہ نوجوان افسران کی ٹیکنالوجی میں مہارت فورس کی کارکردگی کو مزید مؤثر بنائے گی۔ روایتی پولیسنگ کے طریقے اب متروک ہو چکے ہیں اور دنیا بھر میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس کا استعمال جرائم کی روک تھام اور جدید پولیسنگ کے لیے کیا جا رہا ہے۔زیر تربیت افسران کا کہنا تھا کہ سیف سٹیز اتھارٹی کا تربیتی کورس جدید تفتیشی مہارتوں اور جرائم کے سدباب میں مؤثر ثابت ہو رہا ہے۔