ایم ایس کاہنہ ہسپتال نے شجرکاری مہم کے تحت پودا لگا دیا

صاف ،سرسبز پاکستان کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے‘ڈاکٹر رضا اکرم

جمعہ 21 مارچ 2025 17:11

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2025ء)تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کاہنہ میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے سرسبز پنجاب شجرکاری مہم کے تحت میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر رضا اکرم نے پودا لگا یا۔اس موقع پر ڈاکٹرز، کنسلٹنٹس، نرسز ،پیرا میڈیکل سٹاف اور ایڈمنسٹریشن کا عملہ بھی موجود تھا جنہوں نے شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔

ڈاکٹر رضا اکرم نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ درخت لگانا نہ صرف ماحولیاتی تحفظ کے لیے ضروری ہے بلکہ صحت مند زندگی کی بھی ضمانت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہسپتال انتظامیہ ہسپتال کے احاطے کو سرسبز بنانے اور آلودگی کے خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ درخت لگانے سے نہ صرف آکسیجن کی مقدار میں اضافہ ہوگا بلکہ مریضوں اور ہسپتال آنے والے لوگوں کو ایک خوشگوار اور صحت مند ماحول بھی فراہم کیا جا سکے گا۔

تمام شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ صاف اور سرسبز پاکستان کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ ہسپتال انتظامیہ نے اعلان کیا کہ یہ مہم مستقل بنیادوں پر جاری رہے گی اور مزید درخت لگائے جائیں گے تاکہ ہسپتال اور اس کے اطراف کو مزید سرسبز اور خوبصورت بنایا جا سکے۔