درخت لگاناسنت نبویﷺ ہے اور ہمارا قومی فریضہ ہے، ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

جمعہ 21 مارچ 2025 17:12

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مارچ2025ء) 21 مارچ کو دنیا بھر میں جنگلات کا عالمی دن منایا جا رہا ہے تاکہ درختوں اور جنگلات کی اہمیت کے متعلق عوامی شعور اجاگر کیا جا سکے۔ جنگلات نہ صرف زمین کے پھیپھڑے ہیں بلکہ یہ حیاتیاتی تنوع، تحفظ، ماحولیاتی توازن، انسانی فلاح و بہبود کے لیےبھی انتہائی ناگزیر ہیں۔ان خیالات کا اظہار سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے جنگلات کے عالمی دن کے موقع پر سیالکوٹ میں آدم حوا ویلفیئر آرگنائزیشن کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ بدقسمتی سے، جنگلات کی بے دریغ کٹائی، شہری آبادی میں اضافہ اور صنعتی ترقی کے باعث قدرتی ماحول شدید خطرات سے دوچار ہے۔ جنگلات کی تباہی نہ صرف موسمیاتی تبدیلیوں کو تیز کر رہی ہے بلکہ زمین کے درجہ حرارت میں اضافے، پانی کی قلت اور حیوانات و نباتات کی ناپیدگی کا بھی سبب بن رہی ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سابق وفاقی وزیر نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ درختوں اور جنگلات کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔

حکومتوں کو چاہیے کہ وہ جنگلات کے کٹاؤ کو روکنے کے لیے سخت قوانین نافذ کریں اور شجرکاری مہمات کو فروغ دیں۔ اسی طرح، ہر فرد کو کم از کم ایک درخت لگانے اور اس کی حفاظت کرنے کا عہد کرنا چاہیے تاکہ ہم اپنی آئندہ نسلوں کو ایک سرسبز اور صحت مند زمین دے سکیں۔ آخر میں انہوں نے کہا کہ آئیے، اس عالمی دن کے موقع پر یہ عہد کریں کہ ہم جنگلات کا تحفظ کریں گے، بلکہ زیادہ سے زیادہ درخت لگائیں گے، اور قدرتی وسائل کا دانشمندی سے استعمال کریں گے تاکہ ہماری زمین ہمیشہ سرسبز و شاداب رہے۔