شجر کاری سنت نبوی ؐہے، ماحول دوست سرگرمیاں صحت کیلئے مفید ہیں، راجہ صغیر احمد

جمعہ 21 مارچ 2025 17:58

کہوٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مارچ2025ء) رکن پنجاب اسمبلی حلقہ پی پی 7 راجہ صغیر احمد نے کہا ہے کہ درخت لگانا سنت نبوی صلی اللہ علیہ وسلم ہے، درخت نہ صرف ماحول دوست ہوتے ہیں بلکہ صحت مندانہ سرگرمیوں کے لیے بھی انتہائی مفید ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر شجر کاری مہم کے افتتاح کے موقع پر کیا۔ تقریب کا اہتمام محکمہ زراعت توسیع کہوٹہ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر مہر جلیل الرحمن کی نگرانی میں کیا گیا، جس میں راجہ صغیر احمد نے پودا لگا کر شجر کاری مہم کا باقاعدہ آغاز کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے ماحول دوست وژن کے تحت پورے پنجاب میں شجر کاری مہم بھرپور انداز میں جاری ہے، اور حلقہ پی پی 7 میں بھی اس مہم کو کامیابی سے ہمکنار کیا جائے گا۔ راجہ صغیر احمد نے محکمہ زراعت توسیع کہوٹہ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر مہر جلیل الرحمن اور ان کی پوری ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کاوشیں قابل ستائش ہیں جنہوں نے شجر کاری مہم کا آغاز میری رہائش گاہ سے کیا۔ اس موقع پر بیرسٹر احمد صغیر، محکمہ زراعت کے افسران اور عملہ بھی موجود تھا۔