عالمی یوم جنگلات منانے کا مقصد عوام میں جنگلات کی اہمیت، فروغ اور تحفظ کے حوالے سے شعور بیدار کرنا ہے، پیر مصور خان

جمعہ 21 مارچ 2025 17:58

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مارچ2025ء) وزیراعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے جنگلات پیر مصور خان نے کہا ہے کہ 21 مارچ عالمی یوم جنگلات منانے کا مقصد عوام میں جنگلات کی اہمیت، فروغ اور تحفظ کے حوالے سے شعور بیدار کرنا ہے، جنگلات، جنگی حیات کا مسکن اور ماحولیاتی توازن کی ضمانت ہے، جنگلات کے تحفظ کے لیے اپنی جانیں قربان کرنے والے محکمہ جنگلات کے شہید اہلکار ہمارے ہیروز ہیں، انکو قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں ان خیالات کا اظہار انھوں نے عالمی یوم جنگلات کی مناسبت سے چیف کنزرویٹر آف فارسٹ پشاور کے دفتر میں ''جنگلات اور خوراک'' کے نعرے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر معاون خصوصی نے جنگلات کے تحفظ کے لئے محکمہ جنگلات کے شہید اہلکاروں کی یادگار پر حاضری دی اور گلدستہ رکھا۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معاون خصوصی پیر مصور خان نے کہا کہ خیرپختونخوا حکومت نے بانی چیئرمین کے وژن کے مطابق صوبے میں جنگلات کے فروغ، جنگلات کی پائیدار ترقی اور تحفظ کے لئے بلین ٹری سونامی جیسے منصوبے مکمل کئے جسکا اعتراف اور پذیرائی عالمی سطح پر بھی کی گئی، صوبے میں جنگلات کے فروغ کے لئے تاریخی اقدامات اٹھائے ہیں جسکی بدولت صوبے میں جنگلات 26 فیصد تک پہنچ گئی، پیر مصور خان نے کہا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے جنگلات کے فروغ کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کی بدولت صوبے میں گرین جابز پیدا ہوئی، جنگلات کے تحفظ کے لیے '' نگہبان فورس'' کا قیام عمل میں لایا گیا، نگہبان فورس کے ہزاروں اہلکار جنگلات کے تحفظ کے لیے فرائض سر انجام دے رہے ہیں، وزیراعلی خیبرپختونخوا کی ہدایت پر رواں سال موسم بہار شجرکاری مہم کے تحت تقریباً 26 لاکھ پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا تھا جو محکمہ جنگلات نے عوام کے تعاون سے کامیابی سے پورا کیا، ان پودوں میں تقریباً 40 فیصد پھلدار پودے بھی شامل ہیں، پیر مصور خان نے صوبے میں جنگلات کے فروغ کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ سرسبز خیبرپختونخوا کے خواب کو عملی جامہ پہنانے کے لئے حکومت تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لاکر ہر ممکن اقدامات اٹھارہی ہے، صوبائی حکومت سکولوں، کالجز اور یونیورسٹی طلبا سمیت خیبرپختونخوا کے عوام کے تعاون سے خیبرپختونخوا کو سرسبز و شاداب بنائے گی انھوں نے جنگلات کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے محکمہ جنگلات کے اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ محکمہ جنگلات کے 24 اہلکار جنگلات کے تحفظ کی خاطر شہید ہوئے، محکمہ جنگلات کے شہید اہلکار ہمارے ہیروز ہے۔

انھوں نے محکمہ جنگلات کے افسران کو ہدایات جاری کیں کہ'' شہدا جنگلات '' کے خاندانوں سے ملاقات کریں اور انکو درپیش مسائل کے حل کے لئے فوری اقدامات اٹھائے۔ بعد ازاں عالمی یوم جنگلات کی مناسبت سے آگاہی واک بھی کیا گیا۔