مریم نواز نے گزشتہ ایک سال میں صحت کے شعبہ کی بہتری کیلئے تاریخ ساز اقدامات کئے ‘شافع حسین

جمعہ 21 مارچ 2025 23:28

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2025ء)صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین کی زیر صدارت پیسک ہائوس ڈیوس روڈ پر اجلاس منعقد ہوا جس میں گورنمنٹ عزیز بھٹی شہید ٹیچنگ ہسپتال گجرات میں طبی سہولیات کی بہتری کے عمل کا جائزہ لیا گیا۔ایم ایس ہسپتال ڈاکٹر ایاز ناصر چوہان نے ہسپتال میں طبی سہولیات اور نئی سکیموں بارے بریفننگ دی اور کہا کہ مریضوں کی سہولت کیلئے ہسپتال میں سیوریج سسٹم اور انٹرنل روڈز کی بحالی، گرنے والی عمارت کی جگہ ملٹی سٹوری عمارت کی تعمیر اور نیورو آرتھو بلاک کی بحالی کی سکیمیں اے ڈی پی میں شامل کی جائیں ۔

انہوں نے بتایا کہ ہسپتال میں مریضوں کو ادویات بالکل مفت دی جارہی ہیں ۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف نے گزشتہ ایک سال میں صحت کے شعبہ کی بہتری کیلئے تاریخ ساز اقدامات کئے ہیں ۔

(جاری ہے)

اربوں روپے کی سکیموں کے ذریعے عوام کو جدید طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے ۔

وزیر اعلی پنجاب کے ہیلتھ آن وہیل پروگرام کے ذریعے عوام کو ان کی دہلیز پر طبی سہولیات دی جارہی ہیں ۔صوبائی وزیر نے کہا کہ گورنمنٹ عزیز بھٹی شہید ٹیچنگ ہسپتال گجرات میں طبی سہولیات کی بہتری کی سکیمیں تیزی سے مکمل کی جائیں گی ۔ گجرات میں 200بستروں پر مشتمل چوہدری شجاعت حسین ہسپتال بنایا جائے گا ۔چوہدری شافع حسین نے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت کے لئے ہر طرح کے وسائل حاضر ہیں ۔عوام کو جدید طبی سہولیات کی فراہمی کی سکیموں کے لئے وسائل کی کمی نہیں آنے دیں گے ۔ پاکستان مسلم لیگ پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات علی عمران اور دیگر بھی اجلاس میں شریک تھے ۔