وائس چانسلر سرگودھا یونیورسٹی نے 'پلانٹ فار پاکستان'کے تحت پودا لگا کر مہم کا آغاز کر دیا

ہفتہ 22 مارچ 2025 17:37

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مارچ2025ء) یونیورسٹی آف سرگودھا نے حکومت پنجاب کی ’’پلانٹ فار پاکستان‘‘ مہم کے تحت پانچ سو سے زائد پودے لگا دیئے۔ ہائرایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے احکامات کے تحت یہ ہدف حکومت پنجاب کی شجر کاری مہم کے اہداف کو مد نظر رکھتے ہوئے مکمل کیا گیا۔ اس مہم کا افتتاح وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے پودا لگا کر کیا جبکہ پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر میاں غلام یاسین نے بھی شجرکاری مہم میں حصہ لیا۔

اس موقع پر رجسٹرار وقار احمد، ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر مسعود سرور اعوان، ڈین فیکلٹی آف فارمیسی پروفیسر ڈاکٹر عثمان منہاس، ڈین فیکلٹی آف سائنسز پروفیسر ڈاکٹر عامر علی، ڈائریکٹر کیو ای سی ڈاکٹر عمران غفو ر چوہدری، ریذیڈنٹ آفیسر ڈاکٹر فہیم ارشد سمیت مختلف تدریسی و انتظامی شعبہ جات کے ذمہ داران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

پلانٹ فار پاکستان مہم حکومت پنجاب کا ایک اہم اقدام ہے جس کا مقصد ملک میں جنگلات کے فروغ، ماحولیاتی آگاہی کو بڑھانے اور شجرکاری کی سرگرمیوں کو ریکارڈ کر کے شیئر کرنے کا موقع فراہم کرنا ہے۔

اس مہم کے تحت یونیورسٹی آف سرگودھا میں مختلف اقسام کے 520 پودے لگائے گئے، جن میں انار، آڑو، آلو بخارا، امرود، خوبانی، لیموں،کنو،دھریک، بکائن، لوکاٹ، ناشپاتی و دیگر اقسام کے پودے شامل ہیں۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ مذکورہ شجرکاری کو جیو ٹیگ کر کے 'پلانٹ فار پاکستان' پورٹل پر اپلوڈ بھی کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں، جنگلات کے عالمی دن کے موقع پر موسم بہار کی شجرکاری مہم کے سلسلے میں یونیورسٹی میں ایک ہزار سے زائد پودے لگائے گئے، جبکہ جنگلات کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے آگاہی واک اور سیمینار کا بھی انعقاد کیا گیا۔