گورنر ہاؤس میں اتحادِ رمضان کا 20واں افطار ڈنر، سینئر تجزیہ نگارارشاد بھٹی، علی شیخانی، ظفر عباس اور دیگر نمایاں شخصیات کی شرکت

ہفتہ 22 مارچ 2025 17:44

گورنر ہاؤس میں اتحادِ رمضان کا 20واں افطار ڈنر، سینئر تجزیہ نگارارشاد ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مارچ2025ء) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے گورنر ہاؤس میں اتحاد رمضان المبارک کے تحت منعقدہ 20ویں افطار ڈنر کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت علی کرم اللہ وجہہ نے اپنی شہادت سے قربانی و ایثار کی عملی مثال قائم کی۔ دعا ہے کہ رمضان المبارک کی طاق راتوں کے صدقے اللہ تعالیٰ ہمارے ملک کو ترقی عطا فرمائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ "گورنر ہاؤس کے دروازے ہر ایک کے لیے کھلے ہیں، میں چاہتا ہوں کہ ہر فرد کو اس کی اپنی چھت میسر ہو۔ اختیارات کے بغیر بھی بلا تفریق عوام کی خدمت کر رہا ہوں اور کرتا رہوں گا۔ ملکی صورتحال پر بات کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ یہ ثابت ہو چکا ہے کہ پاکستان دشمن عناصر یہاں دہشت گردی کو فروغ دے رہے ہیں، مگر ہم سب مل کر ان کے ناپاک عزائم کو ناکام بنائیں گے اور دشمن قوتوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ گورنر ہاؤس میں اتحاد رمضان المبارک کے تحت منعقدہ 20ویں افطار/ڈنر میں نامور صحافی ارشاد بھٹی، سماجی کارکن علی شیخانی، جے ڈی سی کے ظفر عباس سمیت ممتاز کاروباری شخصیات اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ اس بابرکت اجتماع میں خواتین، بزرگ اور بچے بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔ افطار سے قبل گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے سینئر تجزیہ کار ارشاد بھٹی کے ہمراہ افطار ڈنر میں شریک افراد سے ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور فوری حل کی یقین دہانی کرائی۔

تقریب میں معروف نعت خواں نے بارگاہِ رسالت ﷺ میں ہدیہ عقیدت پیش کیا، جس نے روح پرور سماں باندھ دیا۔ بعدازں سینئر صحافی ارشاد بھٹی نے گورنر ہاؤس کے دورے پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ گورنر سندھ کے فلاحی اور آئی ٹی کے میدان میں کیے گئے کام دیکھ کر خوشی ہوئی۔ میں نے یہاں آئی ٹی مارکی کا بھی دورہ کیا اور یہ ماننے پر مجبور ہوں کہ گورنر سندھ نے اس شعبے میں بڑا اور قابلِ تحسین کام کیا ہے۔

سماجی کارکن علی شیخانی نے گورنر ہاؤس کے آئی ٹی طلبہ کو ملازمتیں دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک انقلابی قدم ہے جو نوجوانوں کے مستقبل کو روشن بنا سکتا ہے۔ جے ڈی سی کے ظفر عباس نے کہا کہ گورنر کامران خان ٹیسوری نے گورنر ہاؤس کی تاریخ ہی بدل کر رکھ دی ہے۔ یہ جگہ اب عوامی خدمت اور فلاح و بہبود کا مرکز بن چکی ہے۔ اتحاد رمضان کے افطار ڈنر میں روزانہ کی بنیاد پر قرعہ اندازی کا سلسلہ جاری ہے۔

20ویں افطار ڈنر میں 120 گز کے پلاٹ کی قرعہ اندازی ارشاد بھٹی نے کی، جس میں عبد الشاہد خوش نصیب قرار پائے۔ عمرہ کے ٹکٹ کی قرعہ اندازی جے ڈی سی کے ظفر عباس نے کی، جس میں محمد شہزاد کا نام نکلا۔ موٹر سائیکل کی قرعہ اندازی علی شیخانی نے کی، جس میں خدیجہ بی بی کامیاب رہیں۔گزشتہ ہفتے کی قرعہ اندازی میں کامیاب ہونے والی ماریہ آفاق احمد کو پلاٹ کی فائل دی گئی۔گورنر سندھ نے تقریب میں موجود بچوں کو اسٹیج پر بلا کر انہیں کیش عیدی دی، جس سے بچوں کے چہروں پر خوشی کے رنگ بکھر گئے۔ اتحاد رمضان المبارک کے اس سلسلے میں روزانہ سینکڑوں افراد کو افطار ڈنر فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ عوامی خدمت کا یہ سفر رمضان کے اختتامنتکنجارینرہینگا۔