منشیات فروشوں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے دونوں اہلکاروںکی نماز جنازہ پولیس لائنز سرگودھا میں ادا کردی گئی

ہفتہ 22 مارچ 2025 22:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مارچ2025ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سرگودھامیں دوران ریڈ منشیات فروشوں کی فائرنگ سے پولیس کے 02 بہادر جوانوں کی شہادت کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او سرگودھا سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ آئی جی پنجاب نے ڈی پی او سرگودھا کو ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا ہے۔ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ تھانہ لکسیاں پولیس سرگودھا نے منشیات فروشوں کی گرفتاری کے لیے ریڈ کیا تو منشیات فروشوں نے پولیس پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔

فائرنگ کے نتیجے میں سرگودھا پولیس کے کانسٹیبل عمران وینس اور رانا شفیق شہید ہو گئے جبکہ سب انسپکٹر ممتاز اور ایلیٹ کانسٹیبل نعمان شدید زخمی ہوگئے جن کو طبی امداد کے لئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

ملزمان اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے۔ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔آئی جی پنجاب نے فرض کی راہ میں شہادت کا رتبہ پانے والے پولیس اہلکاروں کی لازوال قربانی کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ پولیس ایک فیملی کی مانند ہے اور پولیس شہدا کے ورثا کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گئے۔ آر پی او سرگودھا محمد شہزاد آصف خان اور ڈی پی او محمد صہیب اشرف پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ فوری موقع پر پہنچ گئے۔ دونوں پولیس شہدا کی نماز جنازہ پولیس لائنز سرگودھا میں ادا کردی گئی۔نماز جنازہ میں آر پی او محمد شہزاد آصف خان، کمشنر ملک جہانزیب اعوان، ڈی پی او محمد صہیب اشرف، ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم،افسران و ملازمین،دیگر اعلی عہدیداران،سول سوسائٹی اور میڈیا نمائندگان نے شرکت کی۔

شہدا کے جسد خاکی کو پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔آر پی او اور کمشنر سرگودھا نے شہدا کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور آرپی او سرگودھا نے شہدا کے لواحقین کے بلند ہمت و حوصلے کی تعریف کی۔انھو ں نے مزید کہا کہ شہدا کے ورثا ہمارے اپنے ہیں۔پولیس کا ہر جوان غیر متزلزل ہمت و حوصلے کا مالک ہے اورہر شہید ہمارے عزم و ارادے کو مزید تقویت بخشتا ہے۔