سینیٹر سلیم مانڈوی والا کا مادرِ جمہوریت بیگم نصرت بھٹو کی 96ویں سالگرہ کے موقع پر شاندار خراج عقیدت

مادر جمہوریت بیگم نصرت بھٹو کی جدوجہد اور قربانیاں پاکستان میں جمہوری روایات کے استحکام میں سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہیں، بیان

اتوار 23 مارچ 2025 16:10

اسلام آبا د(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مارچ2025ء)پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے مادرِ جمہوریت بیگم نصرت بھٹو کی 96ویں سالگرہ کے موقع پر انہیں شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ مادر جمہوریت بیگم نصرت بھٹو کی جدوجہد اور قربانیاں پاکستان میں جمہوری روایات کے استحکام میں سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہیں، وہ جرات، صبر اور عوامی حقوق کی علامت تھیں، جنہوں نے آمریت کے سائے میں بھی جمہوری جدوجہد کو کمزور نہیں ہونے دیا۔

سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے اپنے بیان میں کہا کہ مادر جمہوریت بیگم نصرت بھٹو کا کردار خاص طور پر اس وقت نمایاں ہوا جب ذوالفقار علی بھٹو کی گرفتاری اور شہادت کے بعد انہوں نے پارٹی کی قیادت سنبھالی۔

(جاری ہے)

جنرل ضیائ الحق کے دورِ آمریت میں انہوں نے جمہوریت کی بحالی کے لیے جو قربانیاں دیں، وہ پاکستان کی سیاسی تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی گئی ہیں۔

ان کے خاندان نے مسلسل آزمائشوں اور سانحات کا سامنا کیا، مگر وہ کبھی اپنے اصولوں سے پیچھے نہ ہٹیں۔سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ بیگم نصرت بھٹو نے نہ صرف پاکستان پیپلز پارٹی کو مشکل ترین حالات میں سنبھالا بلکہ ملک کے عوام کو بھی جبر اور آمریت کے خلاف آواز بلند کرنے کا حوصلہ دیا۔ انہوں نے ہمیشہ عوام کے حقِ حکمرانی کی حمایت کی اور اپنے خاندان کی بے پناہ قربانیوں کے باوجود جمہوریت کی شمع کو روشن رکھا۔

انہوں نے کہا کہ بیگم نصرت بھٹو نے ایک نڈر اور باوقار رہنما کے طور پر تاریخ میں اپنا نام درج کروایا۔ ان کی استقامت، حوصلہ مندی اور سیاسی بصیرت ہر اس شخص کے لیے سبق ہے جو ملک میں جمہوری استحکام اور عوامی حقوق کی بالادستی چاہتا ہے۔سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ بیگم نصرت بھٹو کی قربانیاں اور ان کا مشن آج بھی ہمارے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی ان کے نظریات اور جدوجہد کو ہمیشہ زندہ رکھے گی اور ایک جمہوری، مستحکم اور ترقی یافتہ پاکستان کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھے گی۔