اہل حدیث یوتھ فورس سینٹرل پنجاب کے زیر اہتمام یوم پاکستان کے موقع پر تحفظ نظریہ پاکستان سیمینار کا انعقاد

اتوار 23 مارچ 2025 16:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مارچ2025ء) اہل حدیث یوتھ فورس سینٹرل پنجاب کے زیر اہتمام 23 مارچ کو پریس کلب لاہور میں تحفظ نظریہ پاکستان سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس میں اہل حدیث یوتھ فورس پاکستان کے مرکزی صدر حافظ محمد سلمان اعظم، مرکزی سیکرٹری جنرل حافظ عبدالغفور مدنی، سینٹرل پنجاب کے صدر حافظ انعام الرحمن یزدانی اور جنرل سیکرٹری شیخین توحیدی سمیت دیگر قائدین نے شرکت کی۔

اس موقع پر ملک بھر کی مختلف سیاسی، یوتھ اور طلبہ تنظیموں کے رہنمائوں نے بھی خصوصی شرکت کی۔سیمینار میں مقررین نے نظریہ پاکستان کی حفاظت کو ملکی استحکام کے لیے ناگزیر قرار دیا اور کہا کہ پاکستان کا وجود ایک نظریے پر قائم ہوا تھا جس کی حفاظت کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، اہلحدیث یوتھ فورس اس نظریے کے دفاع میں ہمیشہ پیش پیش رہی ہے اور آئندہ بھی رہے گی۔

(جاری ہے)

مقررین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ علما کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے اور فتنہ الخوارج کا فوری اور موثر سد باب کیا جائے۔ ڈاکٹر عبدالغفور راشد ممبر اسلامی نظریاتی کونسل نے کہا کہ 23مارچ 1940 کو مسلمانان برصغیر کی جدو جہد کا آغاز ہوا جس کے نتیجہ میں بے شمار قربانیوں کے بعد ہمیںپاکستان جیسی آزاد مملکت کی نعمت عطا ہوئی ، اس ملک کا مقدر اسلامی نظام کا نفاذ ہے، ہم دو قومی نظریے کی حفاظت کرتے رہیں گے ۔

علامہ معتصم الہی ظہیر چیئرمین سیاسی کمیٹی مرکزیہ ،مہر صدام حسین پڈھیار جنرل سیکرٹری نیشنل یوتھ الائنس سمیت دیگر طلبہ و یوتھ تنظیموں کے نمائندوں نے سیمینار میں شرکت کی۔سیمینار کے اختتام پر ملکی سلامتی، امن و امان کے قیام اور نظریہ پاکستان کے تحفظ کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔