آئی جی پنجاب کی زیر صدارت ٹریفک امور بارے فالو اپ میٹنگ

وزیر اعلی کے ویژن کے تحت لاہور سمیت صوبہ بھر میں ٹریفک رولز کا بھرپور نفاذ یقینی بنائیں‘ عثمان انور

اتوار 23 مارچ 2025 20:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مارچ2025ء)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر صدارت ٹریفک امور بارے فالو اپ اجلاس منعقد ہوا۔ایڈیشنل آئی جی ٹریفک مرزا فاران بیگ، ڈی آئی جی آپریشنز پنجاب وقاص نذیر اورایس ایس پی ہیڈ کواٹرزٹریفک پنجاب سید غضنفر علی شاہ اجلاس میں موجود تھے جبکہ تمام آر پی اوز، ڈی پی اوز، سی ٹی اوز اور ڈسٹرکٹ ٹریفک افسران نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔

اجلاس میں ٹریفک روانی، روڈ سیفٹی اور قوانین پر عملدرآمد بہتر بنانے کے لئے گذشتہ اجلاس کے فیصلوں کا فالو اپ لیا گیا۔آئی جی پنجاب نے سی ٹی اوز اورڈی ٹی اوز کو ٹریفک مینجمنٹ میں بہتری کے لئے متعلقہ ڈی پی اوز کی کوارڈینیشن سے ٹھوس اقدامات کرنے کا حکم دیا۔ٹریفک افسران نے ٹریفک قوانین کی 100 فیصد پاسداری یقینی بنانے کے حوالے سے سڑکوں کے انتخاب بارے بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ سی ٹی اوز اور ڈی ٹی اوزنے اگلے ایک ماہ میں ڈرائیونگ لائسنسنگ کی شرح میں واضح بہتری لانے کے عزم کااعادہ کیا۔آئی جی پنجاب نے افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت لاہور سمیت صوبہ بھر میں ٹریفک رولز کا بھرپور نفاذ یقینی بنائیں، روڈز انفراسٹرکچر بہتر، ڈرائیونگ لائسنسنگ کی شرح اور ٹریننگ سکولز میں طلبا کی تعداد میں اضافہ یقینی بنائیں۔