ضلع انتظامیہ سکھر کی جانب سے یوم پاکستان کے موقع پر واکنگ ٹریک پر منعقدہ تقریب میں قومی پرچم لہرایا گیا

ارچ صرف ماضی کو یاد کرنے کا دن ہی نہیں، یہ علامہ اقبال کے خواب کی تعبیر اور اسلاف کی قربانیوں کو یاد کرنے کا بھی دن ہے،ڈپٹی کمشنر

اتوار 23 مارچ 2025 21:30

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مارچ2025ء)ضلع انتظامیہ سکھر کی جانب سے یوم پاکستان کے موقع پر واکنگ ٹریک پر منعقدہ تقریب میں قومی پرچم لہرایا گیا، تقریب کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر سکھر ڈاکٹر ایم بی راجہ دھاریجو تھے ، تقریب میں ضلعی انتظامیہ ، میونسپل کارپوریشن سکھر ، محکمہ تعلیم ، صحت کے افسران، طلبہ و شہریوں نے شرکت کی۔

پرچم کشائی کے موقع پر خواتین پولیس اہلکاروں سمیت جوانوں نے سلامی پیش کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سکھر ڈاکٹر ایم بی راجا دھاریجو نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ 23 مارچ صرف ماضی کو یاد کرنے کا دن ہی نہیں، یہ علامہ اقبال کے خواب کی تعبیر اور اسلاف کی قربانیوں کو یاد کرنے کا بھی دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ 23 مارچ قائد اعظم کے اتحاد، ایمان اور تنظیم کے اصولوں پر کاربند رہنے کا دن ہے ، انہوں نے مزید کہا کہ ملک کو ترقی اور امن کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے ان ہی تین اصولوں پر کاربند رہنے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر سکھر نے کہا کہ آج کا دن سچے پاکستانی بننے کے عہد کرنے کا دن یے اور ملک کی ترقی کی خاطر ہمیں انفرادیت کو چھوڑ کر اجتماعیت کو اپنانا ہوگا۔ ڈاکٹر ایم بی راجہ دھاریجو نے کہا کہ ملک دشمن عناصر کے خلاف ہمیں اپنی افواج اور حکومت کا ساتھ دینا ہوگا، ہمیں ملک میں مایوسی پھیلانے والوں کو شکست دینا ہوگی اور اس سلسلے میں ہمارے نوجوان اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ہمیں وقت کی قدر اور قانون کی پاسداری کرنا ہوگی، ہم وقت کی قدر اور قانون کی پاسداری کر کے دنیا کو بتا سکتے ہیں کہ ہم سبز ہلالی پرچم کے سائے تلے ایک تھے اور ہیں۔