مظفرگڑھ، مختلف ٹریفک حادثات میں 4 افراد جاں بحق،ریسکیو ذرائع

پیر 24 مارچ 2025 13:30

مظفرگڑھ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مارچ2025ء) مظفرگڑھ میں مختلف ٹریفک حادثات میں 4 افراد جاں بحق ہو گئے،ریسکیو کنٹرول روم کے مطابق پہلا حادثہ مظفرگڑھ کے نواحی قصبہ آلودے والی میں پیش آیا، جہاں ایک تیز رفتار ٹرک نے موٹر سائیکل سوار کو ہٹ کیا، جس کے نتیجے میں بستی خالدآباد روہیلا والی کا رہائشی 50 سالہ عابد حسین موقع پر جاں بحق ہو گیا۔

عینی شاہدین کے مطابق حادثہ ٹرک ڈرائیور کی تیزرفتاری اور لاپرواہی کے باعث پیش آیا ہے، ٹرک ڈرائیور موقع سے فرار ہونھ میں کامیاب ہو گیا۔پولیس نے ٹرک کو تحویل میں لے کر ضابطے کی کاروائی شروع کر دی ہے۔ریسکیو ٹیم نے لاش کو پولیس کے ہمراہ قانونی کاروائی کےلئے روہیلانوالی ہسپتال میں منتقل کر دیا ہے۔ دوسرا حادثہ مظفرگڑھ کے مضافات میں چندرن موڑ چوک قریشی کے مقام پر پیش آیا، جہاں ایک موٹر سائیکل سوار تیز رفتاری کی وجہ سے نالہ میں گر گیا، جسے مقامی لوگوں کی مدد سے نکالا گیا لیکن اس کی موقع پر موت ہو چکی ہے۔

(جاری ہے)

تیسرا حادثہ مظفرگڑھ کے نواح میں ڈیرہ غازی خان روڈ پر سہرانی بائی پاس چوک قریشی کے قریب پیش آیا،جہاں ایک تیزرفتار ڈمپر نے موٹر سائیکل کو کچل دیا،جس کے نتیجے میں چاہ حمید والا ڈیرہ غازی خان کے رہائشی موٹر سائیکل پر سوار دو افراد 27 سالہ محمد رمضان اور 37 سالہ محمد اشرف موقع پر جاں بحق ہو گئے۔ ریسکیو سٹاف نے ایریا کارڈن آف کرتے ہوئے ڈیڈ باڈیز کو ڈیڈ باڈی شیٹ کے ساتھ کور کرنے کے بعد لواحقین اور پولیس کی نگرانی میں قانونی کاروائی کیلئے آر ایچ سی ہسپتال بصیرہ منتقل کر دیا ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق حادثہ ڈمپر ڈرائیور کی تیزرفتاری اور لاپرواہی کے باعث پیش آیا ہے۔ڈمپر ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا،پولیس نے ڈمپر کو تحویل میں لے کر ضابطے کی کاروائی شروع کر دی ہے۔\378