حکومت کا چینی 162 روپے کلو ہونے کا دعویٰ، مارکیٹ میں 180 روپے کلو تک فروخت جاری

پیر 24 مارچ 2025 15:19

حکومت کا چینی 162 روپے کلو ہونے کا دعویٰ، مارکیٹ میں 180 روپے کلو تک فروخت ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مارچ2025ء)وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے چینی کی قیمتوں میں اضافے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ دکانوں پر چینی 162 روپے کلو جبکہ یوٹلیٹی اسٹورز پر 153 روپے فی کلو فروخت ہورہی ہے تاہم ملک کے بیشتر شہروں میں چینی کی 170 سے 180 روپے کلو تک فروخت کی جانے لگی ۔پریس کانفرنس کے دوران وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ رانا تنویر نے بتایا کہ وزیراعظم نے چینی کی قیمتوں میں اضافے کی خبروں کا نوٹس لیتے ہوئے اسحاق ڈار کی سربراہی میں کمیٹی بنادی ہے جس کے ایکشن سے 168 روپے کلو میں بکنے والے چینی 162 روپے پر آگئی۔

وفاقی وزیر نے آگاہ کیا کہ حکومت نے شوگر ملز کے ساتھ مل کر ملک بھر میں 274 رمضان اسٹالز لگائے جس پر 130 روپے فی کلو میں چینی مل رہی ہے جبکہ یوٹیلیٹی اسٹور پر چینی 153 روپے فی کلو میں مل رہی ہے، انہوں نے واضح کیا کہ چینی کی قیمتوں میں اضافے کی خبریں درست نہیں۔

(جاری ہے)

دوسری جانب ملک کے بیشتر شہروں میں چینی کی 170 روپے سے 180 روپے کلو کے درمیان فروخت کی جاتی رہی ۔

اسلام آباد میں چینی کی فی کلو ریٹیل قیمت 180 روپے، راولپنڈی میں 175، لاہور 170 سے 175، کراچی میں 170، پشاور میں 170 سے 175 جبکہ کوئٹہ میں دکانوں پر چینی 180 روپے فی کلو فروخت کی جاتی رہی ۔یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے اسلام آباد میں اہم اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحٰق ڈار نے کہا تھا کہ خبروں کے مطابق چینی کی قیمت 178 سے 179 روپے تک پہنچ گئی ہے جو واضح طور پر وزیراعظم کے لیے ناقابل برداشت ہے۔