کوئٹہ میں مختلف شاہراہوں پر بدترین ٹریفک جام ،منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے ہونے لگا

پیر 24 مارچ 2025 22:13

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 مارچ2025ء) صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں عید الفطر کی آمد کے موقع پر خریداری کی وجہ سے شہر میں ٹریفک کا دبائو بڑھنے سے مختلف شاہراہوں پر بدترین ٹریفک جام ہوگیا، گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، عوام ذہنی اذیت میں مبتلا ہوگئے۔انسمکب روڈ، عبدالستار روڈ، جناح روڈ، مسجد روڈ، فاطمہ جناح روڈ، شارع اقبال، لیاقت بازار، عبدالستار روڈ، باچا خان چوک سمیت دیگر شاہراہیں جام رہنے کے باعث منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے ہونے لگا۔

(جاری ہے)

کئی سڑکوں پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں دیکھنے میں آئیں شہری بدترین ٹریفک جام میں رل کر رہ گئے۔ زرغون روڈ اور سریاب روڈ پر سیوریج کی ناقص نظام کے باعث گندا پانی سڑکوں پر بہنے سے بھی ٹریفک کی روانی میں خلل پڑنے اور سڑک کی ٹوٹ پھوٹ اور کھڈوں میں پانی بھرنے سے حادثات رونما ہورہے ہیں۔ حکومت اور میٹرو پولیٹن کی ناقص کارکردگی کا خمیازہ لوگ بھگت رہے ہیں۔ سفری سہولیات کی فراہمی اور ٹریفک کی روانی کیلئے کوئی خاطر خواہ انتظامات نہیں کئے گئے ہیں جس کی وجہ سے لوگ ذہنی کوفت میں ہوگئے ہیں ۔