گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سے نیشنل یوتھ اسمبلی کے نمائندہ وفد کی ملاقات

پیر 24 مارچ 2025 23:09

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سے نیشنل یوتھ اسمبلی کے نمائندہ ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 مارچ2025ء) گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سے نیشنل یوتھ اسمبلی کے نمائندہ وفد نے پیر کے روز گورنر ہاؤس پشاور میں ملاقات کی۔ وفد کی قیادت یوتھ گورنر خیبر پختونخوا مجاہد خان کر رہے تھے، جبکہ وفد میں ڈویژنل ہیڈ ڈاکٹر محمد حارث، ضلعی رہنما محمد حذیفہ اور یوتھ کابینہ کے دیگر اراکین شامل تھے۔

ملاقات کے دوران وفد نے گورنر کو نیشنل یوتھ اسمبلی کے اغراض و مقاصد، کردار اور کامیابیوں سے آگاہ کیا۔ وفد نے بتایا کہ نیشنل یوتھ اسمبلی نوجوانوں کی کیریئر کونسلنگ، سماجی بہتری اور قائدانہ صلاحیتوں کے فروغ کے لیے مختلف آگاہی پروگرام منعقد کرتی ہے۔ وفد نے گورنر سے یوتھ اسمبلی کی سرگرمیوں میں تعاون فراہم کرنے کی درخواست کی اور تجویز پیش کی کہ گورنر نیشنل یوتھ اسمبلی کے اراکین سے حلف لیں اور پشاور میں یوتھ کنونشن کے انعقاد میں معاونت کریں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے نوجوانوں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملک کی ترقی میں نوجوانوں کا کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل یوتھ اسمبلی جیسے پلیٹ فارمز نوجوانوں کو مثبت سمت میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرتے ہیں، جو ایک خوش آئند امر ہے۔ گورنر نے وفد کو یقین دلایا کہ گورنر ہاوس نوجوانوں کی ترقی اور ان کے فلاحی منصوبوں کی بھرپور حمایت کرے گی,انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ تعلیمی ترقی، سماجی خدمات اور قومی یکجہتی کے فروغ کے لیے اپنی توانائیاں صرف کریں۔#

متعلقہ عنوان :