راولپنڈی ،ملزمان کی پولیس وردی میں واردات، دکاندار کو اغواء کر کے رقم آن لائن ٹرانسفر کرلی

ملزمان نے کمرے میں ایک لڑکی کو بلا کر تصاویر ،ویڈیوز بنائیں ،بلیک میلنگ کی دھمکی دی، ایک کو پولیس نے گرفتار کرلیا

پیر 24 مارچ 2025 22:00

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مارچ2025ء) راولپنڈی کے تھانہ صادق آباد کے علاقے میں جعلی پولیس ملازمین نے دکاندار کو اغوا کر کے تشدد کا نشانہ بنایا اور آن لائن بینکنگ سے رقم ٹراسفر کرلی۔ذرائع کے مطابق تھانہ صادق آباد کے علاقے میں جعلی پولیس ملازمین نے دکاندار سے سنگین واردات کی، ملزمان دکاندار کو اغوا کرکے حبس بیجا میں رکھ کر کرنٹ لگا کے تشدد کیا اور آن لائن بینکنگ ایپ سے بھی رقم ٹرانسفر کی۔

واقعہ سامنے آنے پر سی پی او راولپنڈی خالد ہمدانی کا نوٹس پولیس نے مقدمہ درج کرکے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔پولیس کے مطابق متاثرہ شہری کا نام محمد سلیم ہے جس کا تعلق آزاد کشمیر کے علاقے لیپا سے ہے جو صادق آباد میں رہائش پذیر اور جنرل سٹور چلا رہا ہے ۔

(جاری ہے)

جنرل سٹور پر دو افراد آئے جس میں سے ایک نے ٹرائوزر پولیس کی شرٹ اور دوسرے نے شلوار قمیص پہنی ہوئی تھی، انہوں نے اپنا تعارف پولیس اہلکار کی حیثیت سے کرایا اور تھانے کا حوالہ بھی دیا۔

مالک کے مطابق ملزمان نے دکان کی تلاشی لی اور 45ہزار روپے کائونٹر جبکہ 15ہزار روپے جیب سے نکال لئے، اس کے بعد دونوں تھانے کے نام پر مجھے آنکھوں پر پٹی باندھ کر ایک عمارت میں لے گئے جہاں پہنچ کر انہوں نے موبائل فون چیک کیا اور بینک ایپ دیکھ کر پاسورڈ پوچھا۔دکاندار کے مطابق جب اس نے پاسورڈ بتانے سے انکار کیا تو پھر ملزمان نے اسے کرنٹ لگایا جس پر اس نے بتادیا اور پھر ملزمان نے اسے ایک رات اور دن وہیں پر رکھا، اس دوران وہاں لڑکی بھی آئی جس کے ساتھ ویڈیوز اور تصاویر بنا کر بلیک میلنگ کی دھمکیاں دیں۔

دکاندار نے بتایا کہ ملزمان مجھے بیٹھک کے پاس چھوڑ کر فرار ہوگئے جب بینک اکائونٹ چیک کیا تو دونوں نے میرے بینک سے مختلف اکائونٹس سے پانچ لاکھ روپے ٹرانسفر کئے۔سی پی او راولپنڈی خالد ہمدانی نے واردات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے پولیس کو مقدمہ درج کرکے ملزمان کی گرفتاری کا ٹاسک سونپ دیا۔ پولیس حکام کے مطابق ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرکے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ دوسرے ملزم اور لڑکی کی تلاش کیلئے چھاپے اور مزید تفتیش جاری ہے۔