ہزارہ ، عیدالفطر سکیورٹی پلان کو حتمی شکل دینے کے لئے 6 ہزار سے زائد پولیس اہلکارتعینات

منگل 25 مارچ 2025 12:37

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مارچ2025ء) ہزارہ پولیس نے آمدہ عیدالفطر کے موقع پر ہزارہ بھر میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے اور سکیورٹی پلان کو حتمی شکل دینے کے لئے آٹھوں اضلاع میں 6 ہزار سے زائد پولیس اہلکاروں کو تعینات کر دیا، ان اہلکاروں میں آپریشنل سٹاف کے ساتھ ساتھ ٹریفک وارڈن، ایلیٹ فورس، ایس ایس یو، لیڈیز پولیس، سپیشل برانچ اور سی ٹی ڈی اہلکار بھی شامل ہیں۔

ڈی آئی جی ہزارہ ناصر محمود ستی نے تمام اضلاع کے سکیورٹی پلان کا تفصیلی جائزہ لیا اور اس کو تسلی بخش قرار دیا۔ ڈی آئی جی ہزارہ نے اس موقع پر کہا کہ ہزارہ پولیس کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ہمہ وقت تیار ہے۔ ٹریفک کی روانی کو موثر بنانے کے لئے ٹریفک پلان مرتب دے دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

آنے والے سیاحوں کو ہر ممکنہ سفری و جانی تحفظ کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔

ڈی پی اوز کو ہدایات جاری کرتے ہوئے ڈی آئی جی ہزارہ نے کہا کہ ڈی پی اوز عید سکیورٹی پلان کی خود مانیٹرنگ کریں تاکہ اس کو اچھے انداز سے عملی جامہ پہنایا جا سکے۔ ڈی پی اوز اپنے اپنے ضلع میں جاری ترقیاتی پراجیکٹس چائنیز کیمپ اور اہم و احساس مقامات کا خود دورہ کریں اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیں۔ ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز اپنی حدود میں بازاروں، شاپنگ مالز، شہر کی بڑی مساجد، امام بارگاہوں کا وقتاً فوقتاً دورہ کریں اور بم ڈسپوزل یونٹ اور تربیت یافتہ کتوں کے ذریعے ان مقامات کا سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کریں۔

سی ٹی ڈی و سپیشل برانچ کے افسران و اہلکاران مشتبہ افراد اور شیڈول فور میں شامل افراد پر کڑی نظر رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک سٹاف ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کیلئے بہترین حکمت عملی اپنائے، کسی بھی ڈرائیور کو بلاوجہ تنگ و جرمانہ عائد نہ کریں البتہ دوسرے اضلاع سے آنے والی گاڑیوں کو اچھی طرح چیک کیا جائے اور ان میں موجود مسافروں کے ساتھ اچھے اخلاق سے پیش آئیں۔

ڈی آئی جی نے کہا کہ چاند رات اور عید موقع پر ہوائی فائرنگ، آتش بازی، ڈریفٹنگ اور وون ویلنگ کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائیاں کرتے ہوئے انہیں پابند سلاسل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس افسران عید کے موقع پر تھانہ جات، چوکیوں و دیگر مقامات پر ڈیوٹی سرانجام دینے والے اہلکاروں کے پاس جائیں، ان سے عید ملیں اور ان کی حوصلہ افزائی کریں۔