وفاقی وزارت داخلہ نے ڈی جی ایف آئی اے کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن ایک روز بعد ہی کالعدم قرار دیدیا

عبدالخالق شیخ کو ڈی جی ایف آئی اے کا اضافی چارج دیا گیا تھا تاہم ایک روز بعد ہی ان کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا گیا ، وزارت داخلہ نے نوٹیفکیشن کی واپسی کا آفس آرڈر جاری کر دیا

Faisal Alvi فیصل علوی منگل 25 مارچ 2025 12:35

وفاقی وزارت داخلہ نے ڈی جی ایف آئی اے کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن ایک روز ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25 مارچ 2025)وفاقی وزارت داخلہ نے ڈی جی ایف آئی اے کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن ایک روز بعد ہی کالعدم قرار دیدیا،عبدالخالق شیخ کو ڈی جی ایف آئی اے کا اضافی چارج دیا گیا تھا تاہم ایک روز بعد ہی ان کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا گیا ،وزارت داخلہ نے نوٹیفکیشن کی واپسی کا آفس آرڈر جاری کر دیا ہے، بتایا گیا ہے کہ وزارت داخلہ نے گزشتہ روز عبدالخالق شیخ کو ایف آئی اے کی دیکھ بھال کا چارج دیا تھا اور آج نئے آفس آرڈر میں اس نوٹیفکیشن کوواپس لینے کا اعلان کیا گیا ہے ۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز ایف آئی اے کے سربراہ کو تبدیل کردیا گیا تھا۔پولیس سروس گروپ کے گریڈ21 کے آفیسرعبدالخالق شیخ کو ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے تعینات کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

نئے ڈی جی ایف آئی اے کی تقرری کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا تھا۔عبدالخالق شیخ نیشنل پولیس بیورو کے ڈائریکٹر جنرل کے طور پر ذمہ داریاں سرانجام دے رہے تھے۔یہ عہدہ سابق ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے احمد اسحاق جہانگیر کے تبادلے کے بعد سے خالی تھا۔

قبل ازیں گزشتہ ماہ وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے ڈائریکٹر جنرل احمد اسحاق جہانگیر کو عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔ احمد اسحاق جہانگیر کو سٹیبلشمنٹ میں او ایس ڈی بنا دیا گیا تھا جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیاگیا تھا۔وزیراعظم شہباز شریف نے یونان کشتی حادثے پر رپورٹ پیش نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے احمد اسحاق جہانگیر کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا تھا۔

یہ بھی بتایا گیا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف اہم انکوائریز کو بروقت مکمل نہ کرنے پر بھی ڈی جی ایف آئی اے کی کارکردگی سے مطمئن نہیں تھے۔ احمد اسحاق جہانگیر نے گزشتہ سال ایف آئی اے کے ڈائریکٹر جنرل کے عہدے کا چارج سنبھالا تھا۔اس کے ساتھ ساتھ وفاقی حکومت نے آئی جی خیبرپختونخوا ہ اختر حیات کو بھی عہدے سے ہٹا دیا تھا۔ ذوالفقار حمید کو نئے آئی جی خیبرپختونخوا ہ تعینات کرنے کا اعلان کیا گیاتھا جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا تھا۔