چوہدری شافع حسین ، سید عاشق حسین کرمانی کی ایرانی قونصل جنرل مہران مواحد فر سے ملاقات، باہمی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال

منگل 25 مارچ 2025 15:48

چوہدری شافع حسین ، سید عاشق حسین کرمانی کی ایرانی قونصل جنرل مہران ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مارچ2025ء) پنجاب کے وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین اور وزیر زراعت ولائیو سٹاک سید عاشق حسین کرمانی نے ایرانی قونصلیٹ کا دورہ کیا جہاں ایرانی قونصل جنرل مہران مواحد فر سے ملاقات کی۔ قونصل جنرل ترکیہ مسٹر ڈرمس باستک بھی ملاقات میں موجود تھے۔منگل کو ملاقات میں زراعت،لائیوسٹاک،انڈسٹری،صحت،سولر پینلز مینوفیکچرنگ اور دیگر شعبوں میں تعاون کے فروغ پر بات چیت ہوئی۔

صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ایران حکومت کی دعوت پر پنجاب سے بڑا تجارتی وفد جلد ایران کا دورہ کرے گا۔ وقت آگیا ہے کہ پنجاب اور ایران کے مابین تجارتی تعاون بڑھانے کیلئے عملی اقدامات کئے جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تہران میں پنجاب کے بچوں کی ہارٹ سرجری کے حوالے سے ایران کی پیشکش کا سنجیدگی سے جائزہ لیا جائے گا۔

ایران حکومت اور پیمپکو کے مابین تنازعہ ختم کرادیا ہے۔ایرانی قونصل جنرل کے ساتھ ہونے والی ملاقاتوں کو نتیجہ خیز بنانے کیلئے مکمل فالو اپ کیا جائے گا۔چوہدری شافع حسین نے کہاکہ ایران سولر پینلز مینوفیکچرنگ میں مہارت رکھتا ہے،پنجاب حکومت اور ایران کے مابین سولر پینلز مینوفیکچرنگ میں اشتراک ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ترکیہ کی متعدد کمپنیوں نے پنجاب میں سرمایہ کاری کر رکھی ہے اور ترکیہ کی مزید سرمایہ کار کمپنیوں کی سرمایہ کاری کا خیر مقدم کریں گے۔

چوہدری شافع حسین نے کہاکہ اگلے ماہ بابا گرو نانک کبڈی کپ کرایا جائے گا،تین ملکی کبڈی ٹورنامنٹ میں پاکستان،ایران اور بھارت کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔صوبائی وزیر زراعت سید عاشق حسین کرمانی نے کہاکہ پاکستان اور ایران برادر ہمسایہ ملک ہیں،تجارتی وفود کے تبادلوں سے دونوں ممالک کے تجارتی تعلقات بڑھائے جاسکتے ہیں۔ صوبائی وزیر زراعت نے کہاکہ دو طرفہ تجارتی تعاون بڑھانے کیلئے ایسی ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔

ایرانی قونصل جنرل مہران مواحد فر نے کہاکہ پنجاب پاکستان کا بڑا صوبہ ہے اور اس کے ساتھ اشتراک بڑھانے کے خواہاں ہیں۔ملاقاتوں کا یہ سلسلہ ایران اور پاکستان کے مابین تجارتی تعاون بڑھانے میں معاون ثابت ہوگا۔ مہران مواحد فرنے کہاکہ پنجاب سے بچوں کی تہران میں ہارٹ سرجری کی پیشکش پر قائم ہیں اور اس مقصد کیلئے دونوں جانب کی وزارتی سطح پر بات چیت ہونی چاہیے۔