ہنگو، نامعلوم مسلح ملزمان کی فائرنگ سے پولیس اہلکار شہید

شناوڑی کے مقام پر موٹر سائیکل سواروں نے اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ڈسٹرکٹ سیکیورٹی برانچ کا اہلکار شہید ہوگیا، ملزمان جائے وقوعہ سے فرار

Faisal Alvi فیصل علوی منگل 25 مارچ 2025 14:17

ہنگو، نامعلوم مسلح ملزمان کی فائرنگ سے پولیس اہلکار شہید
ہنگو(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25 مارچ 2025)ہنگو کے علاقے شناوڑی میں نامعلوم مسلح ملزمان کی فائرنگ سے پولیس اہلکارشہید ہو گیا،واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا، نامعلوم مسلح حملہ آوروں کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن جاری ہے،پولیس کاکہناہے کہ ضلع ہنگو کے علاقے شناوڑی کے مقام پر نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے اندھا دھند فائرنگ کر دی۔

فائرنگ کے نتیجے میں ڈسٹرکٹ سیکیورٹی برانچ کا اہلکار شہید ہوگیا۔سب ڈویژنل پولیس افسر امجد حسین کاکہناہے کہ واردات انجام دینے کے بعد ملزمان موٹر سائیکل پر جائے وقوع سے فرار ہو گئے۔پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کر لئے ہیں جبکہ پولیس نے نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے ان کی تلاش شروع کر دی ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ چند روز قبل بھی کوہاٹ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار شہید ہوگئے تھے۔

شہید ہونے والے اہلکار ڈیوٹی سے واپس گھر آرہے تھے۔ فائرنگ کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہوگئے تھے۔ پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر قانونی کارروائی شروع کر دی تھی۔تفصیلات کے مطابق کوہاٹ کے تفریحی مقام تانڈہ ڈیم پر فائرنگ کے افسوسناک واقعے میں 2 پولیس اہلکار غلام مصطفیٰ اور زاہد الرحمٰن شہید ہوگئے تھے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں جنہوں نے پولیس اہلکاروں کی لاشوں کو کوہاٹ کے ڈی اے ہسپتال منتقل کر دیا گیاتھا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق کوہاٹ تانڈہ ڈیم میں نامعلوم افراد نے اچانک فائرنگ کر دی جس میں 2 پولیس اہل کار جاں بحق ہو گئے تھے۔ملزمان فائرنگ کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تھے۔ پولیس کاکہنا تھا کہ فوری طور پر قتل کے واقعے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی تھی۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کوہاٹ کے علاقے تانڈہ ڈیم کے قریب پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والے اہل کاروں کو خراج عقیدت پیش کیا تھا۔محسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ خیبرپختونخواہ کے پولیس کے بہادر سپوتوں کی عظیم قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہید پولیس اہلکاروں کے خاندانوں سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت بھی کیاتھا۔