محکمہ موسمیات کی اگلے تین روز کے دوران فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ سمیت مختلف شہروں میں بارشوں کی پیش گوئی

منگل 25 مارچ 2025 17:38

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مارچ2025ء) محکمہ موسمیات نے اگلے تین روز کے دوران فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ سمیت مختلف شہروں میں بارشوں کی پیش گوئی کی ہے اور کہا ہے کہ25 سے27 مارچ کے دوران فیصل آباد، مری، گلیات، اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، حافظ آباد، گوجرانوالہ، منڈی بہاؤالدین، گجرات، سیالکوٹ، نارووال، لاہور،شیخوپورہ میں تیز ہواؤں،آندھی اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے جبکہ25 اور26مارچ کے دوران جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، سرگودھا، میانوالی، خوشاب، بھکر، ملتان، ڈیرہ غازی خان، لیہ،مظفر گڑھ، تونسہ شریف اور خانیوال میں تیز ہواؤں وآندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا بھی امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے ترجمان کے مطابق بارش برسانے والا ایک معتدل موسمیاتی نظام پاکستان کے مغربی، شمالی،بالائی علاقوں میں داخل ہورہا ہے جو25 سے 28 مارچ تک مغربی بالائی اور وسطی علاقوں پر اثر انداز ہو گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ25 سے28مارچ کے دوران گلگت بلتستان (دیامیر، استور، غذر، سکردو، ہنزہ، گلگت، گوانچے، شگر)، کشمیر (وادی نیلم، مظفرآباد، راولاکوٹ، پونچھ، ہٹیاں، باغ، حویلی، سدھانوتی، کوٹلی، بھمبر، میرپور)میں بیشتر مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش جبکہ پہاڑوں پر برفباری اور بعض مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے۔