گورنرسندھ کی حیدرآباد آمد۔ لطیف آباد کے مکینو ں کے ہمراہ 24ویں سحری کی

منگل 25 مارچ 2025 17:55

گورنرسندھ کی حیدرآباد آمد۔ لطیف آباد کے مکینو ں کے ہمراہ 24ویں سحری ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مارچ2025ء)گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے 24ویں سحری حیدرآباد کے علاقہ لطیف آباد کے مکینوں کے ساتھ کی۔ گورنرسندھ جب لطیف آباد پہنچے تو علاقہ مکینوں نے ان کا والہانہ استقبال کیا۔ان پر پھول کی پتیاں نچھاور کیں اور آتش بازی کا شاندار مظاہرہ بھی کیا گیا۔ گورنرسندھ کچھ دیر علاقہ مکینوں کے درمیان گھل مل گئے۔

ان کے مسائل معلوم کئے۔ لوگوں نے گورنرسندھ کے ہمراہ سیلفیاں بھی بنوائیں۔اس موقع پر گورنرسندھ نے کہا کہ کراچی کے بعد آج صوبہ کے دوسرے بڑے شہر حیدرآباد آیا ہوں۔ کراچی کے بعد یہاں بھی لوگوں کی محبت قابل دید ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حیدرآباد کے لوگوں نے آج میرا تاریخ ساز استقبال کیا جس پر ان کا شکریہ ادا کرتاہوں۔

(جاری ہے)

حیدرآباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنرسندھ نے کہا کہ حیدرآباد کے صحافی برادری کا مثبت اور بھرپور کوریج پر شکریہ ادا کرتاہوں۔

انہوں نے کہا کہ حیدرآباد پاکستان کی معیشت میں اہم کردار ادا کرنے والا سندھ کا دوسرا بڑا شہر ہے۔ شہر کے دیرینہ مسائل کے حل کے لئے سنجیدہ اور عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ٹیکس کی ادائیگی کے باوجود بنیادی سہولیات کا فقدان تشویشناک ہے۔ گورنرسندھ نے حیدرآباد کے طلبہ کے لئے بیرون ملک تعلیم کے لئے اسکالر شپ دینے کا اعلان بھی کیا۔

گورنرسندھ نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کے لئے ٹھوس اقدامات کئے بغیر شہری مسائل حل نہیں ہوں گے۔ حیدرآباد کے عوام نے ہمیشہ ثابت قدمی دکھائی، انہیں وسائل کی منصفانہ تقسیم ملنی چاہئے۔ شہریوں کی فلاح و بہبود کے لئے بلا تفریق اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ آج میں اجازت دے رہا ہوں کہ میری بہن کو کوئی تنگ کرے تو وہ کہے میرا بھائی گورنرسندھ ہے۔میرے بھائی یا بزرگوں کو اگر کوئی تنگ کرے تو بھی کہے کہ میرا بھائی گورنرہے۔