بینک آف پنجاب کی وین کیش میں کروڑوں کی ڈکیتی میں ملوث ملزمان چند گھنٹوں کے اندر گرفتار، ملزمان میں وین کا ڈرائیور ملوث نکلا

منگل 25 مارچ 2025 18:00

بینک آف پنجاب کی وین کیش میں کروڑوں کی ڈکیتی میں ملوث ملزمان چند گھنٹوں ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مارچ2025ء) پشاور ہشتنگری کی حدود میں ہونے والی بینک آف پنجاب کی وین کیش میں کروڑوں کی ڈکیتی میں ملوث ملزمان کو چند گھنٹوں کے اندر اندر گرفتار کر لیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ڈرائیور دیگر ساتھیوں کیساتھ ملکرتقریبا ایک ماہ سے بینک آف پنجاب کی کیش وین لوٹنے کا منصوبہ بنارہا تھا،جبکہ پانچ رمضان اور پندرہ رمضان کو ملزمان نے آکر جگہ کا معائنہ بھی کیا،اسی طرح گزشتہ روز ملزمان نے گلی میں کھڑی بینک آف پنجاب کی وین کو اسلحہ کی نوک پر لوٹ کر تین کروڑ سے زائد رقم چھین کر فرار ہو گئے۔

وین کیش میں موجود سکیورٹی گارڈ سے پستول بھی چھین کرلے گئے،جبکہ تفتیشی افسران نے جائے وقوعہ سمیت سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی گئی،اسی طرح وین ڈرائیورکو اور وین کیشیر کو ہشتنگری تھانے منتقل کیا گیا، اسی طرح دونوں کو اصل حقائق جاننے کی خاطر انٹاروگیٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

وین ڈرائیور فضل وہاب منصف کے متضاد بیانات کو مدنظر رکھتے ہوئے مزید انٹاروگیٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا،جس نے دوران تفتیش اصل حقائق سے پردہ چاک کرتے ہوئے واقعہ میں ملوث ہونے سمیت گروہ میں شامل دیگر ملزمان کی نشاندہی کی۔

خصوصی تشکیل کردہ ٹیم نے تمام ملزمان عمرخان ولد بخمل خان، فرید خان ولد اسماعیل اور فیہم ولد اختر منیر ساکنان تہکال کو گرفتار کرلیا،اسی طرح ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے تین کروڑ 49 لاکھ 33 ہزار روپے برآمد کرلئے گئے جبکہ واردات میں استعمال ہونے والی گاڑی کیری ڈبہ، دو عدد موٹرسائیکل، تین عدد پستول بھی برآمد کرلئے گئے ہیں، تمام ملزمان نے اپنے جرم کا اعتراف کرلیا، جن سے مزید تفتیش جاری ہے۔