ڈپٹی کمشنر عمران علی کے زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ کا اجلاس

اجلاس میں 12میڈیکل سٹوروں اور کلینکس کے کیسوں کی سماعت‘2کیس ڈرگ کورٹ بھیجنے کیاحکامات،8کو وارننگ اور 1 کو دوبارہ وزٹ کرنے جبکہ 1 کیس واپس کمیٹی کو بھیجنے کا فیصلہ

منگل 25 مارچ 2025 18:05

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مارچ2025ء)ڈپٹی کمشنر قصور /چیئر مین ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ عمران علی کے زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ کا اجلاس ڈی سی کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر غلام مصطفی سحر، سیکرٹری کوالٹی کنٹرول بورڈ ڈاکٹر مریم شریف، کنسلٹنٹ فزیشن ڈاکٹر عبدالحسیب خاں نیازی، ڈرگ کنٹرولر قصور خلیل احمد،ڈپٹی ڈرگ کنٹرولر بلال یٰسین، ڈرگ انسپکٹر چونیاں لائیق الرحمن خان، ڈرگ انسپکٹر کوٹ رادھاکشن محمد اسلم اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

اس موقع پر غیر قانونی طور پر چلائے جانیوالے 12میڈیکل سٹوروں اور کلینکس کے کیسوں کی سماعت ہوئی۔ تمام کیسوں کا تفصیلی جائزہ لیکر2میڈیکل سٹور وں /کلینکس کے کیس مزید کاروائی کیلئے ڈرگ کورٹ بھیجنے،8کو وارننگ دی گئی, 1کیسز کو دوبارہ وزٹ کرنے‘ ایک کیس واپس کمیٹی کو بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر عمران علی کا کہنا تھا کہ جعلی، غیر معیاری و ان رجسٹرڈ ادویات کا کاروبار کرنے والوں سے کوئی رعایت نہیں برتی جائیگی۔

انہوں نے ہدایت کی کہ ضلع میں جعلی وغیر معیاری ادویات کی فروخت کے گھناو?نے دھندے کی مکمل روک تھام کیلئے ڈرگ انسپکٹرز مزید متحرک ہو کر کام کریں اور اپنی روزانہ کی کارکردگی رپورٹ دیں۔ علاج کے نام پر انسانی صحت سے کھیلنے والوں سے کوئی رعایت نہ برتی جائے۔ انہوں نے کہا کہ زائد المیعاد، جعلی وغیر معیاری ادویات فروخت، ادویات کی حفاظت کیلئے ضروری انتظامات نہ کرنے اور خریدو فروخت کا ریکارڈ نہ رکھنے سمیت دیگر قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کے مرتکب میڈیکل سٹورز /کلینکس کیخلاف سخت کاروائی کی جائے تا کہ شہریوں کو ان غیر قانونی طور پر میڈیکل سٹور چلانے والوں اور میڈیکل پریکٹس کرنیوالوں سے بچایا جا سکے۔