وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کا آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی والدہ کے انتقال پر اظہار تعزیت

منگل 25 مارچ 2025 22:13

وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کا آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی والدہ کے ..
اسلام آباد/لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مارچ2025ء) وفاقی وزیر مواصلات اور استحکام پاکستان پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان نے چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر کی والدہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ منگل کو اپنے تعزیتی پیغام میں وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ جنرل سید عاصم منیر کی والدہ کے انتقال کی خبر سن کر دلی رنج ہوا، ماں ایک عظیم نعمت ہوتی ہے، ان کے بچھڑنے کا غم ناقابل بیان ہے۔

انہوں نے غمزدہ خاندان کے ساتھ دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور اہل خانہ کو صبر جمیل عطا کرے۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ مرحومہ کی مغفرت فرمائے اور ان کے درجات بلند کرے۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں آرمی چیف کی والدہ کے انتقال پر استحکام پاکستان پارٹی کے مرکزی و صوبائی رہنمائوں نے بھی گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

جنرل سیکرٹری آئی پی پی میاں خالد محمود، مرکزی سیکرٹری اطلاعات سید صمصام بخاری، صدر آئی پی پی پنجاب رانا نذیر احمد خان، ایم پی اے و صوبائی جنرل سیکرٹری شعیب صدیقی، صدر آئی پی پی لاہور ملک زمان نصیب، نائب صدر آئی پی پی پنجاب میاں جنید ذوالفقار اور صدر شعبہ خواتین لاہور ڈویژن ڈاکٹر جویریہ سہروردی نے اپنے تعزیتی پیغامات میں غمزدہ خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

رہنمائوں نے اپنے پیغامات میں کہا کہ ماں ایک سایہ دار درخت کی مانند ہوتی ہے۔ ان کا سایہ سر سے اٹھ جانا ایک ناقابل تلافی نقصان ہے، جسے الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔ ہم دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کی مغفرت فرمائے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے اور سوگوار خاندان کو صبر جمیل نصیب کرے۔