بجلی کی قیمتیں ضرور کم ہوں گی، آئندہ چند دنوں میں میری باتیں سچ ثابت ہوجائیں گی

ہم زبان کے پکے ہیں ہماری زبان پچھلی حکومت جیسی نہیں ہے، وزیراعظم بجلی کی قیمت میں کمی کی جلد خوشخبری سنائیں گے، ملک میں شمسی توانائی کا فروغ ترجیح ہے۔ وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 25 مارچ 2025 19:50

بجلی کی قیمتیں ضرور کم ہوں گی، آئندہ چند دنوں میں میری باتیں سچ ثابت ..
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 25 مارچ 2025ء ) وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا ہے کہ بجلی کی قیمتیں ضرور کم ہوں گی، آئندہ چند دنوں میں میری باتیں سچ ثابت ہوجائیں گی۔ انہوں نے آج یہاں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم زبان کے پکے ہیں ہماری زبان پچھلی حکومت جیسی نہیں ہے، وزیراعظم جلد اچھی خوشخبری سنائیں گے، بجلی کی قیمتیں ضرور کم ہوں گی، اگلے چند دنوں میں میری باتیں سچ ثابت ہوجائیں گی۔

ہماری حکومت نے عوام کو بجلی کی قیمتوں میں ریلیف دیا ہے، گرین انرجی کے فروغ کیلئے کوشاں ہیں، عوام کو بجلی بلوں میں مزید ریلیف دینے کیلئے اقدامات کررہے ہیں، ملک میں شمسی توانائی کا فروغ ترجیح ہے۔ دوسری جانب صارفین کے لیے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 30 پیسے فی یونٹ سستی ہونے کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

سی پی پی اے کی جانب سے فروری کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی درخواست پرنیپرا اتھارٹی میں کل (بدھ) کے روزسماعت ہو گی۔

درخواست کے مطابق فروری میں 6 ارب 49 کروڑ 50 لاکھ یونٹس بجلی پیدا کی گئی جبکہ بجلی کمپنیوں کو 6 ارب 66 کروڑ 60 لاکھ یونٹس بجلی فراہم کی گئی۔ بجلی کی فی یونٹ لاگت 8 روپے 22 پیسے فی یونٹ تھی جبکہ فروری کے لیے بجلی کی ریفرنس لاگت 8 روپے 52 پیسے فی یونٹ مقرر تھی۔ فروری میں پانی سے 27.12، مقامی کوئلے سے 15.02 فیصد، درآمدی کوئلے سے 1.56 فیصد اور گیس سے 10.32 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔

فروری میں درآمدی ایل این جی سے 14.11 فیصد بجلی پیدا کی گئی، جوہری ایندھن سے فروری میں 26.59 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔ دوسری جانب نائب امیر جماعتِ اسلامی، سیکرٹری جنرل مِلی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے پوڈکاسٹ انٹرویو، منصورہ میں سیاسی مشاورتی اجلاس اور اپنی رہائش گاہ پر تراویح ختمِ قرآن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم بجلی سستی کرنے کے اعلانات نہیں عملاً بجلی سستی کریں۔

جماعتِ اسلامی کی مہنگی بجلی کے خلاف جدوجہد اور دھرنا کے نتیجے میں حکومت کے ساتھ کیے گئے معاہدے کے نتیجے میں سسٹم سے نکالے گئے آئی پی پیز سے ہونے والی بچت اور سسٹم میں رہ جانے والے آئی پی پیز کیساتھ نظرثانی شدہ معاہدوں کے نتیجے میں حکومت کو ملنے والی ہزاروں ارب روپے کی بچت کا ریلیف اب تک عوام کو منتقل نہیں ہوا۔ پٹرول پر لیوی بڑھاکر اُس رقم کو بجلی صارفین کے لیے ریلیف سے نتھی کرنا حکومت کا عوام کیساتھ ایک اور فراڈ ہے۔