سپیشل سیکرٹری محکمہ صحت و آبادی کا گورنمنٹ ٹاؤن اسپتال ملتان کا دورہ، ادویات کا جائزہ

منگل 25 مارچ 2025 20:10

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مارچ2025ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات پر مراکز صحت میں سروس ڈیلیوری کے عمل کی مانیٹرنگ شروع کر دی گئی۔ سپیشل سیکرٹری محکمہ صحت و آبادی جنوبی پنجاب محمد شہباز حسین نے اس سلسلہ میں منگل کے روز گورنمنٹ ٹاؤن اسپتال ملتان کا اچانک دورہ کیا۔انہوں نےادویات کی ہمہ وقت دستیابی و مریضوں کو فراہمی اور ڈاکٹروں و دیگر طبی عملہ کو روسٹر کے ڈیوٹی پر حاضری ہرصورت یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

دورہ کے دوران ایڈیشنل سیکرٹری (جنرل) شیخ محمد طاہر اور ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز جنوبی پنجاب، ڈاکٹر سید محمد علی مہدی بھی ان کے ہمراہ تھے۔سپیشل سیکرٹری محمد شہباز حسین نے ٹاؤن اسپتال میں ڈاکٹرو ں و اسٹاف کی حاضری، صفائی کی صورتحال، ادویات کی دستیابی اور طبی آلات کو بھی چیک کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بچوں اور حاملہ خواتین کو لگائے جانے والے حفاظتی ٹیکہ جات کے ریکارڈ اور مختلف مریضوں اور ان کے تیمار داروں سے فراہم کردہ طبی سہولیات بارے بھی استفسار کیا۔

سپیشل سیکرٹر نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ اسپتال میں صفائی کی صورتحال کو مزید بہتر بنایا جائے اور مریضوں اور ان کے تیمارداروں کے بیٹھنے کے لیے کشادہ انتظامات کئے جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹروں و دیگر عملہ کی ڈیوٹی روسٹر کے مطابق حاضری ہر صورت یقینی بنایا جائے اور اس ضمن میں کو ئی بھی کوتاہی قابلِ قبول نہ ہوگی۔ عوام کو صحت کی بہترین سہولیات فراہم کرنا حکومت ِ پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔