کمشنرسرگودہا ڈویژن کا ڈاکٹر فیصل مسعود ٹیچنگ ہسپتال کا دورہ ، طبی سہولیات کا جائزہ لیا

بدھ 26 مارچ 2025 16:51

سرگودہا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2025ء) کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ہیلتھ ریفارمز پروگرام کے تحت گورنمنٹ ڈاکٹر فیصل مسعود ٹیچنگ ہسپتال کا دورہ کیا اور طبی سہولیات کی فراہمی کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ایمرجنسی سروسز اور مریضوں کی نگہداشت،علاج معالجے اور ادویات کی فراہمی کے امور کا بھی جائزہ لیا۔

انہوں نے ہسپتال میں موجود سہولیات،صفائی اور عملے کی موجودگی کا جائزہ لیا۔اس موقع پرانہوں نے ایم ایس اور ڈاکٹرز کی ٹیم کو ہدایت کی کہ وہ تمام سہولیات کو یقینی بنائیں اور سہولیات کا معیار ایسا ہو کہ مریض سرکار ی ہسپتال سے علاج کروانے کو ترجیح دیں۔انہوں نے ہسپتال میں زیر علاج مریضوں اور ان کے تیمارداروں سے ہسپتال میں طبی سہولیات اور ادویات کی فراہمی بابت استفسار کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے عملے کو ہدایت کی کہ وقت کی پابندی کو لازم بنایا جائے اور طبی سہولیات کے حصول کے لئے آنے والے شہریوں کو درکار سروسز فراہم کی جائیں۔ انہوں نے ایم ایس کو ہدایت کی کہ محکمہ صحت کی چیک لسٹ کے مطابق ہسپتال میں تمام سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے ۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ڈاکٹر رانا محمد ریاض ، اے سی جی عمران رسول اور ایم ایس ڈاکٹر مشتاق بشیر عاکف بھی موجود تھے۔