وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری سے ترکیے کے سفیر کی ملاقات‘دو طرفہ تعلقات کو بہتر بنانے پر اتفاق

بدھ 26 مارچ 2025 23:14

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 مارچ2025ء)وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کی ترکیے کے سفیر ڈاکٹر عرفان نیزیروگلو سے ملاقات ہوئی۔ملاقات میں دو طرفہ تعلقات کو بہتر بنانے پر اتفاق رائے کیا گیا ۔ترکیہ کے سفیر نے کہا کہ ترکیہ دہشتگردی کی جنگ میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فضل نے ترکیے کے سفیر کا استقبال کیا۔

سفیر ترکیہ نے وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فضل کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی ۔ملاقات میں دو طرفہ تعلقات کو بہتر بنانے پر اتفاق رائے کیا گیا ۔ترکیہ کے سفیر نے کہا کہ ترکیہ اور پاکستان اسلامی برادر ملک ہیں، پاکستان اور ترکیہ مل کر ایک مضبوط اور ترقی یافتہ ملک کے طور پر ابُھر سکتے ہیں، ترکیہ دہشتگردی کی جنگ میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔

(جاری ہے)

سفیر ترکیہ کی تعلیمی میدان اور ووکیشنل ٹرینگ پروگرامز میں پاکستان سے تعاون کو مزید بڑھانے پر بات چیت ہوئی۔سفیر ترکیہ نے کہا کہ ترکیے میں اس وقت 4000 کے قریب پاکستانی طلباء زیرِ تعلیم ہیں، اس تعداد میں اضافے کی ضرورت ہے، پاکستان اور ترکیہ میں تجارت کے مواقع کو بڑھانا ہوگا، پاکستان اور ترکیہ مل کر دہشتگردی کی جنگ کا مقابلہ کر سکتے ہیں۔

ملاقات میں وفاقی وزیر ڈاکڑر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ ترکیہ نے ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا ہے، ترکیہ پاکستان کا برادر ملک ہے اور انکے ساتھ ہمارا روحانی تعلق ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان ترکیہ کی دو طرفہ تعلقات خاص طور پر تعلیمی میدان میں تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، پاکستان ترکیے کے ساتھ ہر شعبے میں ممکنہ تعاون کے لیے تیار ہے، پاکستان میں میٹرو بس کا منصوبہ بھی ترکیہ کی بس سروس سے متاثر ہو کر کیا گیا تھا، پاکستان اور ترکیہ واحد مسلم ممالک ہیں جن کی افواج مضبوط ہیں۔