Live Updates

بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے بغیرملک میں سیاسی استحکام نہیں آسکتا

بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بغیر جرم کے قید میں ہیں،، عمران خان آئین قانون اور عدالتوں پر یقین رکھتے ہیں، بانی پی ٹی آئی عدالت سے سرخرو ہوکر نکلیں گے،وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈاپور

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 26 مارچ 2025 21:20

بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے بغیرملک میں سیاسی استحکام نہیں آسکتا
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 26 مارچ 2025ء ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈاپورنے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بغیر جرم کے قید میں ہیں۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بغیر جرم کے قید میں ہیں، بانی پی ٹی آئی آئین قانون اور عدالتوں پر یقین رکھتے ہیں، بانی پی ٹی آئی عدالت سے سرخرو ہوکر نکلیں گے، بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے بغیر سیاسی استحکام نہیں آسکتا، پی ٹی آئی کے ناحق قید کارکنان کی رہائی کا عمل جاری ہے، لیگل ٹیم نے اب تک 2 ہزار سے زائد کارکنان کی ضمانتیں کروائیں، ہم نے بلاتفریق تمام کارکنان کو یکساں لیگل سہولتیں فراہم کیں۔

رمضان کے دوران 700سے زائد کارکنوں کو رہاکروایا گیا۔ دوسری جانب بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ 26ویں آئینی ترمیم کے بعد عدلیہ کا نظام مکمل طور پر تباہی کا شکار ہو چکا ہے، القادر ٹرسٹ کیس کے فیصلے کو صرف اس لیے لٹکایا گیا تاکہ من پسند ججز کے سامنے میرا مقدمہ لگایا جائے، اردلی حکومت کا مقصد مجھے ہر حال میں جیل میں رکھنا ہے،یہ سب ایک فکس میچ ہے۔

(جاری ہے)

پی ٹی آئی ایکس کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے اڈیالہ جیل سے جاری اپنے پیغام میں کہا کہ چھبیسویں آئینی ترمیم کے بعد عدلیہ کا نظام مکمل طور پر تباہی کا شکار ہو چکا ہے۔ 9 مئی کے جھوٹے مقدمات میں میری ضمانت قبل از گرفتاری کا کیس کئی ماہ کے بعد لاہور ہائیکورٹ کے بینچ نے سننا تھا مگر وہ بینچ ہی ٹوٹ گیا تاکہ ان کیسز کو مزید کھینچا جا سکے۔ توشہ خانہ کا مقدمہ، جس میں جیل ٹرائل ہو رہا ہے، اس کی سماعت بغیر کوئی وجہ بتائے روک دی گئی ہے۔

اس سے پہلے القادر ٹرسٹ کیس کے فیصلے کو صرف اس لیے لٹکایا گیا تا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں کورٹ پیکنگ کے عمل کے ذریعے جو من پسند ججز لائے جائیں گے ان کے سامنے میرا مقدمہ لگایا جائے۔ بہت دشواری کے بعد ہمارا کیس وہاں لگا مگر آج  ہماری اپیل پر اعتراضات دائر کر کے اسے عید کے بعد تک ملتوی کر دیا گیا ہے۔ اس سب سے واضح ہے کہ اردلی حکومت کا مقصد مجھے ہر حال میں جیل میں رکھنا ہے کیونکہ جب بھی میرے مقدمات کو میرٹ پر سنا جاتا ہے وہ زمین بوس ہو جاتے ہیں۔ یہ سب ایک فکس میچ ہے جو کہ ایک منظم منصوبے کے تحت کھیلا جا رہا ہے۔ 
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات