9 مئی ریڈیو پاکستان حملہ کیس ، پی ٹی آئی رکن ا سمبلی سمیت 6 ملزمان کے وارنٹ جاری، گرفتار کرنے کا حکم

ملزمان کے خلاف تحقیقات مکمل کرکے ٹرائل شروع کیا گیا اور اب ملزمان پیش نہیں ہورہے ، پراسیکیوشن، مقدمے کی مزید سماعت 12اپریل تک ملتوی

Faisal Alvi فیصل علوی جمعرات 27 مارچ 2025 12:47

9 مئی ریڈیو پاکستان حملہ کیس ، پی ٹی آئی رکن ا سمبلی سمیت 6 ملزمان کے ..
پشاور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27 مارچ 2025)انسداد دہشتگردی عدالت نے 9 مئی ریڈیو پاکستان حملہ کیس میں رکن اسمبلی سمیت 6 ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے انہیں گرفتارکرکے پیش کرنے کا حکم دیدیا، اے ٹی سی عدالت کے جج ولی محمد نے مقدمے کی سماعت کی،پی ٹی آئی کے ایم پی اے ارباب وسیم اور دیگر ملزمان سماعت کے دوران پیش نہیں ہوئے۔ پراسیکیوشن کے مطابق ملزمان کے خلاف تحقیقات مکمل کرکے ٹرائل شروع کیا گیا اور اب ملزمان پیش نہیں ہورہے ہیں۔

سماعت کے دوران پراسیکیوشن کا یہ بھی کہنا ہے کہ ایم پی اے سمیت دیگر ملزمان ریڈیو پاکستان پر حملہ کیس میں نامزد ہیں۔ 9 مئی کو ملزمان نے دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر احتجاج کے دوران ریڈیو پاکستان عمارت کو نذر آتش کیا، جس پر تھانہ شرقی میں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

بعدازاں عدالت نے مقدمے میں نامزد رکن اسمبلی ارباب وسیم سمیت 6 ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کرکے آئندہ سماعت پر پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے مقدمے کی سماعت 12اپریل تک ملتوی کر دی۔

یاد رہے کہ گزشتہ سماعت پر بھی پشاور کی انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے 9 مئی کو ریڈیو پاکستان حملہ کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے رکن اسمبلی ارباب وسیم کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے تھے۔ پراسیکیوشن نے دوران سماعت عدالت کو بتایا تھا کہ ملزمان 9 مئی کو ریڈیو پاکستان پر حملہ کرنے کے کیس میں نامزد تھے۔ ملزمان نے اپنے دیگر ساتھیوں سے ملکرپرتشدد احتجاج کے دوران ریڈیو پاکستان کی عمارت کو نذر آتش کردیا تھا۔ملزمان کیخلاف تھانہ شرقی میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ انسداد دہشت گردی عدالت نے ملزمان کو گرفتار کرکے اگلی پیشی پرپیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی مزیدسماعت 25 مارچ تک ملتوی کردی تھی۔