دنیا کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لئے جدید سائنسی علوم پر دسترس حاصل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، پارلیمانی سیکرٹری شازیہ رضوان کا تقریب سے خطاب

جمعرات 27 مارچ 2025 17:55

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2025ء) پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات و ثقافت پنجاب شازیہ رضوان نے کہا کہ دنیا کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لئے جدید سائنسی علوم پر دسترس حاصل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے،ایک لڑکی کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنا ایک خاندان کو سنوارنا ہے،یہ بات خوش آئند ہے کہ موجودہ دور میں طلبہ کی نسبت لڑکیاں پوری لگن اور محنت سے تعلیم حاصل کر رہی ہیں،سرکاری تعلیمی ادارے فروغ تعلیم پر مشن آگے بڑھا رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول رتہ امرال یوسی۔1 میں سالانہ امتحانات 2025 کے نتائج کی تقریب کے موقع پرمہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ گورنمنٹ گرلز ہائی سکول کی پرنسپل اور اساتذہ نے شازیہ رضوان کا استقبال کیا اور بچیوں نے گلدستہ پیش کیا۔

(جاری ہے)

تقریب میں پرنسپل،سکول سٹاف اور بڑی تعداد میں بچوں اور ان کے والدین نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شازیہ رضوان نے کہا کہ مجھے جب بھی کسی سکول یا کالج کے پرواگرام میں دعوت دی جاتی ہے تو میری کوشش ہوتی ہے کہ میں بچوں کے پروگرام میں لازمی شرکت کروں کیونکہ ان بچوں نے ہی مستقبل میں پاکستان کا نام روشن کرنا ہے۔ شازیہ رضوان نے کہا کہ جس طرح آپ سب کی اور میری چیف منسٹر مریم نواز شریف آپ بچوں کے لئے دن رات محنت کر رہی ہیں وہ قابل ستائش ہے۔

انہوں نے کہا کہ قوم کے نونہالوں کو دنیاوی تعلیم کے ساتھ ساتھ دینی تعلیم پر بھی توجہ دینا چاہئے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ آئندہ نسلوں کے بہتر مستقبل کیلئے انہیں دین اسلام سے آگاہی فراہم کی جائے،تعلیم کے ساتھ تربیت پر بھی توجہ دینے کی ضرورت ہے،اس کے لئے جہاں والدین کو اپنی ذمہ داریاں پوری کرنا چاہئے وہیں اساتذہ کرام کا بھی یہ فرض ہے کہ وہ بچوں کو محض رسمی تعلیم دینے تک محدود نہ رہیں بلکہ اسلامی خطوط پر بچوں اور بچیوں کی تربیت پر بھی توجہ دیں تاکہ ہمارے نونہال عملی زندگی میں کامیاب و کامران رہیں اور ملک و ملت کا نام روشن رکھیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد نونہالوں خاص طور پر بچیوں کی تعلیم و تربیت ہے، اس لئے ہم اپنے تمام مطلوبہ وسائل بروئے کار لا رہے ہیں، ہماری حکومت سرکاری سکولوں کے مسائل حل کرنے کیلئے دن رات کوشاں ہے۔ تعلیمی اداروں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کیلئے اقدامات اٹھارہے ہیں۔اس موقع پر شجر کاری مہم کے حوالے سے شازیہ رضوان نے سکول کے گارڈن میں پودا لگایا اور ملک وقوم کی سلامتی کے لئے دعا بھی کی۔ تقریب کے اختتام پر شازیہ رضوان نے پوزیشن حاصل کرنے والے بچوں میں انعامات اور شیلڈ تقسیم کیں اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔