ڈپٹی کمشنر شہید بینظیرآباد کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن کمیٹی کا اجلاس

جمعرات 27 مارچ 2025 20:13

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2025ء) ڈپٹی کمشنر شہید بینظیرآباد شہریار گل میمن کی زیر صدارت نیشنل ایکشن پلان کے فیصلوں پر عملدرآمد کروانے کے سلسلے میں قائم کی گئی ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں قانون نافذ کرنے والے اداروں، پولیس، ایکسائز و ٹیکسیشن، آئی بی، سی ٹی ڈی، زراعت، کسٹم، آبپاشی، سماجی بہبود اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر شہریار گل میمن نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کراتے ہوئے ضلع میں غیر قانونی پیٹرول پمپوں اور اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلع میں کام کرنے والے غیر ملکیوں کی سیکیورٹی کے انتظامات تسلی بخش ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ ارسا نے صوبہ میں زرعی پانی کی 60 فیصد قلت کی رپورٹ دی ہے جس کے بعد نہروں میں پانی کی کمی کے باعث رینجرز کی مقرری کی سفارش کی گئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ آبپاشی نے نہروں میں صرف پینے کے پانی کی فراہمی کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ ماہ پانی کی مزید کمی کی پیشن گوئی کی گئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو نہروں سے لفٹ کے ذریعے پانی چوری کرنے والوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دیا ۔ڈپٹی کمشنر نے محکمہ زراعت کے افسران کو حکم دیا کہ وہ کاشتکاروں کو کم عرصے میں تیار ہونے والی فصلوں کے بارے میں آگاہی فراہم کریں۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ عیدگاہوں پر سیکیورٹی کے بہتر انتظامات کئے جائیں۔