”رب ذوالجلال کا احسان -پاکستان“ کی پروقار تقریب اور وزارت اطلاعات و نشریات کے زیر اہتمام نیشنل یوتھ/علماءکنونشن کل ہوگا

جمعرات 27 مارچ 2025 19:23

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2025ء) ”رب ذوالجلال کا احسان -پاکستان“ کی پروقار تقریب اور وزارت اطلاعات و نشریات کے زیر اہتمام نیشنل یوتھ/علماءکنونشن کل(جمعہ کو)جناح کنونشن سینٹر اسلام آباد میں منعقدہوگا۔تقریب کا انعقاد جمعتہ الوداع بالخصوص27 رمضان المبارک کی مناسبت سے کیا جا رہا ہے۔جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری کردہ بیان کے مطابق پاکستان کا قیام لیلة القدر، جمعة الوداع، ماہ رمضان المبارک 1366ھ بمطابق 14 اگست 1947ءکو وجود میں آیا۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کریں گے اور نوجوانوں سے خطاب کریں گے ۔وزیراعظم پاکستان کی ترقی میں نوجوانوں کے کردار، حکومت کے نوجوانوں کے لئے اصلاحاتی اقدامات اور مستقبل کی حکمت عملی پر روشنی ڈالیں گے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم اپنے خطاب میں پاکستان کے قیام کے بنیادی نظریئے، اس کے جغرافیائی، دفاعی اور معاشی اہمیت پر بھی اظہار خیال کریں گے۔

وہ اس حقیقت کو اجاگر کریں گے کہ پاکستان 27 رمضان المبارک (شب قدر) کو ایک اسلامی نظریاتی ریاست کے طور پر معرض وجود میں آیا جس کی بنیاد ”پاکستان کا مطلب کیا؟ لا الہ الا اللہ“ کے اصول پر رکھی گئی۔ پاکستان دنیا کی واحد اسلامی جوہری طاقت ہونے کے ناطے عالمی سطح پر ایک منفرد مقام رکھتا ہے۔ ملک کی افواج پاکستان نہ صرف اسلامی دنیا کی مضبوط ترین عسکری قوت ہے بلکہ پیشہ ورانہ مہارت کے لحاظ سے بھی دنیا کی بہترین افواج میں شمار ہوتی ہے۔

نیشنل یوتھ کنونشن میں نوجوانوں کو قومی ترقی میں موثر کردار ادا کرنے کی ترغیب دی جائے گی۔ تقریب میں نوجوانوں سمیت پاکستان بھر سے تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد شرکت کریں گے۔حکومت کی جانب سے تعلیم، روزگار، ڈیجیٹل معیشت اور کاروباری مواقع میں نوجوانوں کے لئے جاری مختلف منصوبوں پر روشنی ڈالی جائے گی۔پاکستان کا جغرافیائی محل وقوع اسے عالمی سطح پر ایک اہم ملک بناتا ہے۔

ماہرین کے مطابق جنوبی ایشیا میں پاکستان کی پوزیشن اسے مستقبل کے عالمی معاشی اور جیو پولیٹیکل منظر نامے میں کلیدی کردار ادا کرنے کا موقع فراہم کرتی ہے۔ یہ کنونشن نوجوانوں کو نہ صرف قومی ترقی میں حصہ لینے کے لئے حوصلہ افزائی کرے گا بلکہ انہیں جدید دنیا کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے میں بھی معاون ثابت ہوگا۔