ضلع نوشکی کے علاقے کلمت میں بے گناہ مسافروں کو بس سے اتار کر شناخت کے بعد قتل کرنے کے واقعے کی شدید مذمت کرتےہیں ،وزیر اعلیٰ بلوچستان

جمعرات 27 مارچ 2025 20:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2025ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ضلع نوشکی کے علاقے کلمت میں بے گناہ مسافروں کو بس سے اتار کر شناخت کے بعد قتل کرنے کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ایک گھناؤنی اور بزدلانہ کارروائی قرار دیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا درندگی اور ناقابل معافی جرم ہے، جس کے مرتکب عناصر کسی صورت قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکیں گے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دہشت گردوں نے نہ صرف بے گناہ شہریوں کو شہید کیا بلکہ بلوچستان کی مہمان نوازی، روایات اور امن پسندی کو بھی پامال کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کا مکروہ چہرہ قوم کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے اور دہشت گردی کے خلاف قوم کے غیر متزلزل عزم کو ایسی وحشیانہ کارروائیوں سے کمزور نہیں کیا جا سکتا۔

(جاری ہے)

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ ہارڈ کور دہشت گردوں کے خلاف جنگ پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گی اور ان سفاک عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ ذاتی مقاصد کے لیے احتجاج اور دھرنوں کی کال دینے والے اس سفاکانہ حملے پر کیوں خاموش ہیں؟ انہوں نے کہا کہ بے گناہ مزدوروں کے قتل پر معنی خیز خاموشی رکھنے والے بتائیں کہ وہ کس کی حمایت کر رہے ہیں، کیونکہ خاموشی کو رضا مندی سمجھا جاتا ہے اور یہ ثابت ہو رہا ہے کہ کون کس کا سہولت کار ہے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے انہیں یقین دلایا کہ حکومت قاتلوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گی۔