لاہور، سنٹرل پولیس آفس میں ڈی ایس پی عہدے پر ترقی پانے والے افسران کے اعزاز میں تقریب

جمعرات 27 مارچ 2025 20:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2025ء) سنٹرل پولیس آفس میں ڈی ایس پی عہدے پر ترقی پانے والے افسران کے اعزاز میں تقریب منعقد ہوئی،آئی جی نے 78 افسران کو ڈی ایس پی عہدے کے رینک لگائے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ پروموٹ ہونے والے ڈی ایس پیز کے والدین، بچوں اور اہلخانہ کی بڑی تعداد بھی تقریب میں موجود تھی۔ڈاکٹر عثمان انور اور سینئر افسران نے ترقی پانے والے افسران اور ان کے اہل خانہ کو مبارکباد دی۔

آئی جی نے کہا کہ کرائم کنٹرول اور ایڈمنسٹریشن کو یکساں اہمیت دینے والا ہی کامیاب افسر ہوتا ہے، لا اینڈ آرڈر، کرائم کنٹرول، انتظامی امور اور پبلک سروس ڈلیوری کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا موثر استعمال یقینی بنائیں، ماتحت فورس کی استعدادکار، ضروریات اور ویلفیئر کا خاص خیال رکھیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ سکیورٹی، لا اینڈ آرڈر، دہشت گردی اور مذہبی منافرت پر قابو پانا پولیس کو درپیش اہم ترین چیلنجز ہیں، پنجاب پولیس سرحدی چیک پوسٹوں پر خوارجی دہشت گردوں اور کچہ ایریا میں ڈاکوئوں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار ہے۔

تقریب میں بابر اشرف، آصف عطا، ذکی ریحان، عبدالمجید، اسدرشید، محمدیعقوب، انیل انور، قمر عباس،دلشاد علی ، عبدالعظیم و دیگر کو ڈی ایس پی عہدے کے رینک لگائے گئے۔تقریب میں ایڈیشنل آئی جی پنجاب سلطان احمد چوہدری، ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز ڈاکٹر محمد عابد خان، ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ون سلیمان سلطان رانا، ایم ڈی سیف سٹیز اتھارٹی محمد احسن یونس، ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ٹو کیپٹن(ر) لیاقت علی ملک اور اے آئی جی فنانس ڈاکٹر ندا عمر چٹھہ سمیت سینئر افسران نے شرکت کی۔